کراچی (اسٹاف رپورٹر) فروری میں پاکستان میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ کے لئے اتوار کی شام ری ٹینشن ونڈو بند ہوگئی۔ ملتان سلطانز نے اپنے کپتان شعیب ملک کو فارغ کردیا ہے۔ آسٹریلوی اسٹیو اسمتھ اورآندرے رسل ٹورنامنٹ کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آندرے رسل پورے ٹورنامنٹ کے لئے پاکستان آنے کے لئے رضامند نہ تھے۔ شعیب ملک کراچی کنگز اورملتان سلطانز کے بعد اب کسی اور ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ ایس ایل 5کی ڈرافٹنگ 6 اور7 دسمبر کو ہوگی۔ کراچی کنگز پلاٹینم اور ڈائمنڈ کیٹگری میں ایک ایک جب کہ گولڈکیٹگری میں 2، سلور میں 3 اور ایمرجنگ سے ایک کھلاڑی کا انتخاب کریگی ۔ ملتان نے محمد عرفان، محمد عباس ، نکولس پوران ، شکیل انصر کو بھی ریلیز کردیا ہے۔ اسلام آباد نے اپنے کپتان محمد سمیع، فل سالٹ ، رومان رئیس، صاحبزادہ فرحان، وقاص مقصود، وائن پارنیل ،ظفر گوہر، ایلکس ہیلز، کیمرون ڈیل پورٹ، چیڈوک والٹن کو ریلیز کردیا ہے۔ لاہور قلندرز نے فخر زمان، محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے ، شاہین شاہ آفریدی ، سہیل اختر، حارث رؤف اور سلمان بٹ کوری ٹین کیا ہے ۔ کراچی کنگز نے بابر اعظم، عماد وسیم، محمد عامر ، افتخار احمد، عامر یامین، اسامہ میر اور عمر خان کوری ٹین کیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کپتان سرفراز احمد، محمد نواز، شین واٹسن، احمد شہزاد اور عمر اکمل ، محمد حسنین، نسیم شاہ اور احسان علی کوبرقرار رکھاہے۔ کوئٹہ نے سہیل تنویر، انور علی، دانش عزیز، محمد اصغر، رائیلی روسو، فواد احمد، غلام مدثر، ڈیون براوو اور ڈیوائن اسمتھ کو ریلیز کردیا ہے۔ پشاور زلمی نے حسن علی، کیرون پولارڈ، وہاب ریاض ،کامران اکمل ، ڈیرن سیمی، امام الحق اور عمر امین کو بھی ری ٹین کیا ہے۔ ملتان سلطانز نے شاہد آفریدی، محمد عرفان، جیمز وینس ، شان مسعود ،علی شفیق، جنید خان اور محمد الیاس کوری ٹین کیا ہے ۔مصباح الحق کی کوچنگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان، فہیم اشرف، آصف علی ،لیوک رونکی ، حسین طلعت، عماد بٹ، رضوان حسین اور موسیٰ خان کو بھی ری ٹین کیا ہے۔ مصباح الحق گذشتہ سال کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلے تھے اس سال وہ کوچنگ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔