• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں عدالتِ عالیہ سے طبی بنیادوں پر ضمانت پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے طبی بنیادوں پر درخواستِ ضمانت دائر کی ہے۔

درخواست میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور احتساب عدالت نمبر 2 کو فریق بنایا گیا ہے۔

آصف علی زرداری نے اپنی درخواستِ ضمانت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ مجھے دل کی بیماری لاحق ہے اور 3 اسٹنٹ بھی ڈالے جا چکے ہیں اس کے علاوہ شوگر کا مرض ہے اور شوگر لیول کنٹرول کرنے کے لیے مستقل علاج کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: آصف زرداری کیلئے نواز شریف جیسی سہولتوں کا مطالبہ

آصف زرداری نے میڈیکل رپورٹس درخواست کے ساتھ منسلک کر کے عدالت سے استدعا کی ہے کہ مجھے متعدد بیماریاں لاحق ہیں، لہٰذا علاج کے لیے ضمانت منظور کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ والد آصف علی زرداری کو بہنوں نے طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست دائر کرنے پر راضی کر لیا ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد کے پمز اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

تازہ ترین