آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ 26؍ جمادی الثانی 1441ھ 21؍ فروری 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

کرشمہ کے ساتھ کام، کرینہ کے ساتھ کھیلتا تھا، اکشے کمار

بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار کا کہنا ہے کہ ماضی میں اداکارہ کرشمہ کپور کے ساتھ ایک فلم میں کام کرتا تھا، اُس وقت کرینہ کپور ایک چھوٹی بچی تھی، شوٹنگ کے بعد ان کے ساتھ کھیلتا تھا۔

بھارتی اداکار اکشے کمار اور اداکارہ کرینہ کپور  نے ایک ساتھ ایک پروگرام میں شرکت کی۔

 گفتگو کا سلسلہ شروع ہوا تو ایک موقع پر اداکار اکشے کمار نے انکشاف کیا   کہ ایک زمانے میں جب کرشمہ کپور  اور میں ایک فلم میں کام کرتےتھے تو اُس دوران کرینہ کپور اکثر اپنی بہن کے ہمراہ شوٹ پر آجاتی تھیں، کرینہ اس وقت بہت چھوٹی تھیں، میں کرینہ کپور کو گود میں لے کر اُن کو اوپر ہوا میں اُچھالتا تھا اور اُن کے ساتھ کھیلا کرتا تھا۔

اکشے کمار نے کہا کہ ’آج وہ ہی چھوٹی بچی میری فلم میں میری ہیروئن بنتی ہے۔‘ اِس کے بعد کرینہ کپور نےکہا کہ’میرے نزدیک اکشے کمار فیملی کی طرح ہیں اور میں اُن کے ساتھ کام کرتی ہوں تو مطمئن رہتی ہوں۔ ‘

اکشے کمار نے اپنی گفتگو کے دوران اِس بات کا انکشاف کیا کہ ’وہ پڑھائی میں بالکل اچھے نہیں تھے اور اکثر امتحان میں فیل بھی ہوجاتے تھے، ‘ اُنہوں نے کہا کہ ’اُن کا تعلق ایک ایسے گھرانے سے ہے جس کا دور دور تک فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا، اُن کے والد فوج میں تھے۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ایک مرتبہ اُن کا رزلٹ آیا اور وہ اُس میں فیل ہوگئے تھے تو اُن کے والد صاحب نے اُن کو تھپڑ مارا اور تنگ آکر پوچھا کہ تُو بننا کیا چاہتا ہے؟ جس پر اکشے کمار کے منہ سے نکل گیا کہ ’’میں ہیرو بننا چاہتا ہوں‘‘، اُنہوں نے کہا کہ بس اُس دن یہ کہا جو آج پورا ہو گیا،بہت جدوجہد کے بعد فلم کی دُنیا میں آیا اور ہیرو بن گیا۔‘

اُنہوں نے اپنے فلمی کرئیر کے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اُن کے ساتھ ہِٹ اور فلاپ کا سفر ہمیشہ سے چلتا آرہا ہے، ایک زمانہ آیا کہ اُن کی 14 فلمیں فلاپ ہوگئی تھیں، اُس کے بعد کچھ فلمیں ہِٹ ہوئیں، اُس کے بعد دوبارہ کچھ فلمیں فلاپ ہوئیں اور پھر دوبارہ سے ہِٹ ہوئیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’اِس سب کے بعد بھی اُن کے پاس ہمیشہ کام رہتا تھا ہمیشہ اُن کے پاس 2 سے 3 فلمیں ہوتی تھیں۔‘ اُن کا کہنا تھا کہ ’وہ وقت کے بہت پابند ہیں، ہمیشہ وقت پر شوٹ پر پہنچتا ہوں۔‘

اداکار نے اپنی گفتگو میں ایک اور بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ شراب نہیں پیتے ہیں۔‘

دوسری جانب اداکارہ کرینہ کپور نے اپنی والدہ کے حوالے سے بتایا کہ ’ماضی میں اُن کا وزن زیادہ تھا تو اکثر وہ جب اپنی والدہ کے پاس بیٹھی ہوتی تھیں تو اُن کو کھانے پر بہت ڈانٹ پڑتی تھی، اُن کی والدہ کہتی تھیں کہ سبزیاں بھی کھالیا کرو تُم موٹی ہو رہی ہو جبکہ کرینہ کپور ہر وقت کھانے کے لیے بس آلو کی چپس ہی مانگتی رہتی تھیں۔‘

کرینہ کپور نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ’اگر وہ کبھی غلط فیصلہ لے بھی لیتی ہیں تو اُس کے لیے نہ کبھی پچھتاتی ہیں اور نہ ہی وہ کبھی پیچھے مُڑ کر دیکھتی ہیں، وہ ہمیشہ سب بھول کر آگے بڑھ جاتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ اکشےکمار اور کرینہ کمار کی نئی فلم ’گُڈ نیوز‘ رواں ماہ 27 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی اور اِس فلم میں اِن کے ساتھ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی جلوہگر ہوں گی جبکہ فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید