کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں فائیو اسٹار چورنگی کے قریب نجی اسپتال میں دورانِ علاج نوجوان انتقال کر گیا۔
اس کے اہل خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے اسپتال کے عملے پر مبینہ غفلت کا الزام عائد کر دیا۔
لواحقین کا کہنا تھا کہ شاہ ویز کو سینے میں تکلیف کے باعث اسپتال میں ایڈمٹ کیا گیا تھا، مگر اسپتال انتظامیہ کی غفلت کے سبب نوجوان دم توڑ گیا، لواحقین نے اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا۔
ادھر اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ داخلے کے وقت شاہ ویز کی طبیعت تشویش ناک تھی، گھر والوں کی اجازت پر اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، اب اہلِ خانہ کے دباؤ میں آ کر غفلت کا لکھ دیا ہے۔
کراچی میں لوٹ مار کے واقعات جاری ہیں، منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں 3 مسلح ڈاکوؤں نے دودھ کی دکان لوٹ لی۔
منگھو پیر میں دودھ کی دکان میں 3 ملزمان نے لوٹ مار کی، جبکہ چہرہ چھپائے ایک ڈاکو اسلحہ تھامے دکان سے باہر کھڑا رہا اور اس کے 2 ساتھی دکان کے اندر لوٹ مار کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں واضح ہے کہ 2 ملزمان دکان میں گھس کر لوٹ مار کرتے ہیں جبکہ ایک ملزم اسلحہ تھامے دکان سے باہر کھڑا رہتا ہے۔
ادھر شاہ لطیف ٹاؤن اور لانڈھی میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ اور زدو کوب سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب کورنگی کے کرسچن ٹاؤن سے کرن نامی خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے، تاہم اس کی موت کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔