• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان روانگی سے قبل سری لنکن ٹیم کی روایتی انداز میں دعا

پاکستان روانگی سے قبل سری لنکن ٹیم کی روایتی انداز میں دعا


سری لنکن کرکٹ ٹیم نے پاکستان روانگی سے قبل اپنے کولمبو میں ایک تقریب کے دوران روایتی انداز میں دعا کی۔ 

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی روانگی سے قبل دعائیہ تقریب کی ویڈیو جاری کی ہے۔

ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سری لنکن کھلاڑی اپنے روایتی انداز میں دعا کر رہے ہیں۔ 

دوسرے حصے میں سری لنکن کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کو دکھایا گیا ہے جو پاکستان کے خلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچی ہے۔ 

یاد رہے کہ 2 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکن ٹیم آج اسلام آباد پہنچی۔ 

دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 11 دسمبر سے راولپنڈی میں شروع ہوگا جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 19دسمبر سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پر سری لنکا کی ٹیم کے پہنچنے پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔

پاکستان میں سری لنکن ہائی کمشنر نورالدین محمد شاہد اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام نے اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سری لنکن ٹیم کا استقبال کیا۔

سری لنکا سے سیریز کے لیے اظہر علی کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ فواد عالم کی 10 سال بعد اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے اور عثمان شنواری کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم سے علیحدہ ہونے والے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اس وقت سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان اس ٹیسٹ سیریز کو تاریخی اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ اس سیریز کی وجہ سے ہی پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ممکن ہوئی۔

مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی وجہ سے پاکستان میں کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے دروازے بند ہوگئے تھے۔

تاہم سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد یہاں ٹیسٹ کرکٹ بحال کی جانب پہلا قدم ہے۔

تازہ ترین