• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا سیشن پاکستانی بولرز کے نام



راولپنڈی میں کھیلے جارہے پاک لنکا سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا دوسرا سیشن پاکستانی بولرز کے نام رہا اور پاکستان کے چاروں فاسٹ بولرز نے اپنی وکٹوں کا کھاتہ کھول لیا ہے۔

اننگ کے آغاز میں مہمان ٹیم سری لنکا نے پاکستان کے خلاف پر اعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا اور کھانے کے وقفے تک بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا اسکور 89 رنز تک پہنچا دیا۔

کھیل کے دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز نے وکٹوں کے حصول کا سلسلہ شروع کیا اور 96 کے مجموعی اسکور پر شاہین شاہ نے 59 رنز بنانے والے سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے کو پویلین کی راہ دکھائی۔

مہمان ٹیم کا سکور جب  109  رنز ہوا تو نسیم شاہ نے 40 رنز بنانے والے اوشادہ فرنانڈو کو میدان بدر کیا۔

ان کے بعد آنے والے کوشل مینڈس بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے عثمان شنواری نے انہیں 10 کے انفرادی اسکور پر پویلین بھیج کر اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کی گرنے والی چوتھی وکٹ دنیش چندی مل کی تھی وہ2 رنز بنا کر عباس کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

دوسرے سیشن میں 4 سری لنکن وکٹ گرنے کے بعد چائے کے وقفے تک سری لنکا نے 51 اوور میں 137 رنز بنا لیے تھے۔

کھیل کے تیسرے اور آخری سیشن میں نسیم شاہ نے اینجیلو میتھویس کی وکٹ حاصل کی وہ 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اس سے قبل پنڈی ٹیسٹ میں مہمان ٹیم سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ٹاس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے پاکستان کی پوری ٹیم پہلی بار اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کھیل رہی ہے، یہ جذباتی لمحات ہیں، کوشش ہوگی کہ میچ جیت کر اسے مزید خوشگوار بنائیں۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ فائنل الیون سے امام الحق اور یاسر شاہ کو ڈراپ کیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سے یاسر شاہ کو باہر کرنا کرنا مشکل فیصلہ تھا۔

سری لنکا کا پاکستان کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ
عابد علی مصباح الحق سے ٹیسٹ کیپ لیتے ہوئے

میچ میں قومی ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اُتری ہے، عابد علی کو چیف سلیکٹر اور کوچ مصباح الحق نے ٹیسٹ کیپ دی جبکہ  عثمان خان شنواری کو بولنگ کوچ نے میچ سے قبل ٹیسٹ کیپ دی ۔

سری لنکا کا پاکستان کیخلاف بیٹنگ کا فیصلہ
عثمان خان شنواری کو بولنگ کوچ وقار یونس نے ٹیسٹ کیپ دی۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا کو بھلاکر سری لنکا کے خلاف سیریز نئے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔

راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کی قیادٹ اظہر علی کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں شان مسعود، عابد علی، بابر اعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی ، نسیم شاہ اور عثمان خان شنواری شامل ہیں۔

دوسری جانب سری لنکن ٹیم کی قیادت دیمتھ کرونارتنے کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے باقی کھلاڑیوں میں اوشادہ فرنانڈو، کوشل مینڈس، اینجیلو میتھیوس، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا(وکٹ کیپر) ، دھننجے ڈی سلوا،دلروان پریرا، وشوا فرنانڈس، کاسون راجیتھا، لہیرو کمار شامل ہیں۔

ٹیسٹ میچ کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ بادل بھی گرجے اور برسیں گے ، پی سی بی نے ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی پر کھلاڑیوں کے لیے یادگاری کیپس بھی بنوائی ہیں۔

پاکستان اورسری لنکاکے درمیان کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے میچ کے لیے راولپنڈی میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شائقین کو کھانے پینے کی اشیاء اور پلاسٹک کی بوتلیں ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہے۔

میچ کے لیے راولپنڈی انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے ، جبکہ میٹروبس کے اوقات کار میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اپنی سرزمین پر 10 سال بعد پہلا انٹرنیشنل ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔

تازہ ترین