آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹیسٹ کا دوسرا دن بارش اور خراب روشنی کے سبب بری طرح متاثر ہوا، اور صرف 18.2 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، جہاں سری لنکا نے اپنے گذشتہ روز کے اسکور 202 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ میں ایک وکٹ پر 61 رنز کا اضافہ کیا۔
مہمان ٹیم کے وکٹ کیپر نروشان ڈک ویلا نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ کے ذہن میں کوئی ایسا منصوبہ نہیں کہ ہم پہلی اننگز ڈیکلئیرڈ کریں گے، یقیناً ہم 300 کے ہندسے کو پار کرنے اور آخری 4 وکٹ کیساتھ زیادہ سے زیادہ رنز پہلی اننگز میں اسکور کرنے کے خواہش مند ہیں۔
ڈک ویلا جنہوں نے 4 چوکوں کیساتھ 33 رنز بنائے اور چھٹی وکٹ پر ڈی سلوا کیساتھ 67 رنز جوڑے، کہتے ہیں، درست ہے کہ بارش اور خراب روشنی کے باعث دو دن میں مطلوبہ معیار کے اوورز نہیں ہوئے، لیکن ہم سمجھتے ہیں ابھی اس ٹیسٹ میں بہت وقت ہے، اور ہمارے پاس ایسے بولرز ہیں، جو پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کے لیے چیلنج بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: دوسرا دن بھی بارش سے متاثر، سری لنکا 6 وکٹوں پر 263 رنز
سری لنکا کے وکٹ کیپر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے اس میچ میں اگر نتیجہ نہ آیا، تو دونوں ٹیموں کو مساوی پوائنٹس ملیں گے۔
واضح رہے کہ پنڈی ٹیسٹ میں بارش سے متاثرہ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے تھے۔
بارش کے باعث آج صرف 18 اعشاریہ 2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا، جس میں سری لنکا نے ایک وکٹ گنوا کر 61 رنز جوڑے۔
آج آؤٹ ہونے والے واحد بیٹسمین نیروشان ڈکویلا 33 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے، میچ میں شاہین شاہ آفریدی کی یہ دوسری وکٹ ہے۔