پشاور ( نیوزڈیسک )صوبائی دارالحکومت پشاور کی ترقی اور شہریوں کو تمام جدید سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے صوبائی دارالحکومت پشاور سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ ایم پی ایز ملک واجد اللہ خان، پیر فدا محمد اور آصف خان پر مشتمل وفد نے اپنے حلقوں اور شہر میں جاری اور مجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی ۔ وزیرِ بلدیات شہرام خان ترکئی نےکہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے بعد پشاور میں سٹی لوکل گورنمنٹ بنے گی جو کہ اعلیٰ اختیاراتی حکومت ہوگی جس سے یہاں کے مسائل بہتر طریقے سے اور جلد حل ہوں گے پشاور میں ٹریفک منیجمنٹ اور اس کی بلا تعطل روانی کو برقرار رکھنے کے لئے شہر کے انتہائی مصروف چوکوں پر 2 نئے فلائی اوورز کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اسی طرح شہر کی خوبصورتی کو بحال کرنے اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے پارکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔