سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے سنگین غداری کیس میں پرویز مشرف کی سزائے موت کے فیصلے کو تاریخی فیصلہ قرار دیا۔
آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ یہ بلاشبہ اپنی نوعیت کا منفرد فیصلہ ہے جس کی نظیر نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ سنگین غداری کیس سننے والی خصوصی عدالت نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو آرٹیکل 6 کا مجرم قرار دیتے ہوئے سزائے موت دینے کا حکم سنایا ہے۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف پر آئین توڑنے، ججز کو نظر بند کرنے، آئین میں غیر قانونی ترامیم کرنے، بطور آرمی چیف آئین کو معطل کرنے اور غیر آئینی پی سی او جاری کرنے کے آئین شکنی کے جرائم ثابت ہوئے ہیں۔
ادھر سابق صدر پرویز مشرف نے خصوصی عدالت کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ وہ اپنے وکلاء سے صلاح مشورے کے بعد عدالتی فیصلے پر ردِ عمل دیں گے۔