• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میگا ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ کا آج سے ”جیو “ پر آغاز

میگا ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ کا آج سے ”جیو “ پر آغاز 


کراچی (محمد ناصر) سال کے اختتام پر نئے سال کا پہلا تحفہ بن کر آرہی ہے عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ “ کی پیشکش ، نئی ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“۔ دِل موہ لینے والے ڈرامے کی پہلی قسط بدھ کی شب 8 بجے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے نشر کی جائے گی۔ نئی سیریل اس بار سعدیہ اختر کی تحریر ہے جس میں آگ سے پانی کے رشتے کا ملاپ ہوگا لیکن یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اس کہانی میں محبت ایک سراب بن کر تو نہیں رہ جائے گی؟۔ ڈرامے کے ہدایتکار ذیشان احمد ہیں۔ دوسری جانب اپنی شاعری کمپوزیشن اور آواز سے ساحر علی بگا نے سیریل کے ساؤنڈ ٹریک کو سننے والوں کیلئے سروں کی دیوانگی بنا دیا ہے۔ ڈرامے کے مرکزی کرداروں میں ناظرین کے پسندیدہ اداکار دانش تیمور اور ورسٹائل اداکارہ حبا بخاری جبکہ کہانی کے دیگر اہم آرٹسٹوں میں علی عباس، زویا ناصر، محمود اسلم، نداممتاز، عصمت زیدی، نورالحسن، پروین اکبراورحمیرا بانو شامل ہیں۔ سیریل ”دیوانگی “ کی کہانی پرجوش لڑکی نگین فیاض کے گرد گھومتی ہے جو اپنی محنت کے ذریعے غربت کی زنجیروں کو توڑ کر زندگی میں کچھ بننا چاہتی ہے لیکن بدقسمتی کے اندھیروں میں اس کی ملاقات منصور درانی سے ہوجاتی ہے جو بہت جلد ایک سیاستدان بننے والاہے اور اس کی محبت میں گرفتارہوجاتا ہے۔دونوںمشکل حالات میں آگے بڑھتے ہیں جس کے باعث غلط فہمیاں اور ناکامیاں ان کے راستے کی رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ غلط فہمیوں ، جذباتی صورتحال اور زندگی کی تلخ حقیقتوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ان کی محبت کا سفر بھی جاری رہتا ہے ۔ محبت کے اس سفر میں کئی چونکا دینے والے ٹوئسٹ بھی ناظرین کی دلچسپی میں اضافہ کریں گے۔ ڈرامہ سیریل ”دیوانگی“ کی پروموشن کی پہلی ہی جھلک سے دکھائی جانے والی سلطان کی دیوانگی کیا نگین کے خواب سجائے گی یا محبت پر ”بے وفائی“ کی تہمت لگ جائے گی؟۔ یہ سب ناظرین نئی پیشکش میں دیکھ سکیں گے۔ اُمید کی جارہی ہے کہ دیگر سیریلز کی طرح یہ ڈرامہ سیریل بھی ناظرین کی بے تابی اور انتظار کو توڑ کر چھا جائے گی۔

تازہ ترین