• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز مشرف سزائے موت: فنکاروں نے کیا کہا؟

گزشتہ روزخصوصی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت سنائی گئی جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آرہا ہے وہیں پاکستان کی فنکار برادری نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

حال ہی میں شوبز کو خیر باد کہنے والے حمزہ علی عباسی نے سابق صدر پرویزمشرف کی سزائے موت کے فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک ٹویٹ کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سوال اٹھایا کہ ’ پرویز مشرف کی سزا کے بعد کیا مسلم لیگ (ن) اور ہمارے دانشور عدلیہ پر اسٹبلشمنٹ کی کٹھ پتلی ہونے کا الزام لگانے پر جو انہوں نے نواز شریف کے فیصلے کے وقت لگائے تھے، معافی مانگیں گے؟

یہ بھی دیکھئے: پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم


رواں سال تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی مہوش حیات نے خصوصی عدالت کی جانب سے دیئے گئے فیصلے پر ایک آئرش سپاہی کا قول ٹوئٹ کیا ہے۔

قول کا مطلب کچھ یوں ہے کہ ’مجھے جس جرم میں غدار ٹھہرایا گیا ہے، اسے میں نے ایک مقدس فریضے کے طور پر سرانجام دیا تھا، اور اسے ایک قربانی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔‘

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’مشرف ‘ اور ’مشرف ورڈکٹ‘ کا استعمال بھی کیا۔

اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے پرویز مشرف کے حق میں بولتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ فیصلہ کچھ بھی ہو مشرف غدار نہیں ہوسکتے۔

میزبان وینا ملک نے اپنے ٹوئٹ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ’ ہم اس ملک میں رہتے ہیں جہاں اربوں کی لوٹ مار کے جرم میں سزا یافتہ شخص کو لندن میں محفوظ راستہ دیا جاتا ہے جبکہ پاکستان کے لیے لڑنے والے ایک سابق چیف آف آرمی اسٹاف کو سزائے موت سنائی جاتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ آپ کے مشرف سے سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن وہ غدار کے علاوہ کچھ بھی ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے آخر میں لکھا کہ’ مشرف صاحب ہم آپ کے ساتھ ہیں۔‘

معروف فلم اسٹار شان شاہد نے پرویز مشرف کے فیصلے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ایک افسوسناک دن جب ایک محب وطن کو غدار قرار دیا گیا۔

شان نے یہ بھی لکھا کہ پرویزمشرف سر آپ ہمیشہ ہمارے لیے محب وطن ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خصوصی عدالت نے سنگین غداری کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو سزائے موت کا حکم دے دیا۔

خصوصی عدالت کے سربراہ وقار سیٹھ نے سنگین غداری کیس کا مختصر فیصلہ سنایا۔

تازہ ترین