ہمارے ہاں سی فوڈ میں مچھلی کے ساتھ ساتھ پران بھی خوب شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ یہ اپنی لذت اور غذائیت کی بنا پر بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ان کے بہت سےطبی فوائد بھی ہیں۔مچھلی کی طرح ان میں بھی اومیگا تھری موجود ہوتا ہے جو دل کو صحت مند رکھتا ہے اور قلبی بیماریوں سے بچاتا ہے۔
ان میں سلینیم کی خاصی مقدار موجود ہوتی ہے جو کہ کینسر سیلز بننے سے روکتی ہے۔جبکہ ان میں موجود کیلشیم ہڈیوں اور دانتوں کو مضبوط رکھتا ہے۔اس میں موجود وٹامن بی12دماغی بیماریوں سے حفاظت کرتا ہے۔علاوہ ازیں اس میں موجود وٹامن ای چہرے کی جلد کے لیے بہت اچھا ثابت ہوتا ہے۔یہ صحت کے لیے اچھے ہونے کے ساتھ ساتھ کھانے میں بھی خوب ذائقہ دار ہوتے ہیں۔ان سے طرح طرح کے لذیذ پکوان بنائے جاتے ہیں۔ان سے سینڈوچز، رولز ، سیلڈ ،پلاؤ اور بہت سی مزے مزے کی ڈشز بنائی جاتی ہیں۔ چند پکوانوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔
شرمپ مکھنی
اجزاء۔
مکھن۔ تین کھانے کے چمچ
لہسن۔ ایک چائے کا چمچ (کُٹا ہوا)
پیاز ۔دو کھانے کے چمچ (کُٹی ہوئی)
جھینگے۔ آدھا کلو
نمک ۔آدھا چائے کا چمچ
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
کوکونٹ ملک۔ آدھا کپ
ہری مرچ۔ حسبِ ضرورت (کُٹی ہوئی)
ہرا دھنیا۔ حسبِ ضرورت (کُٹا ہوا)
سوس کےلئے:
مکھن۔ ایک کھا نے کا چمچ
ادرک۔ ایک کھانے کا چمچ (سلائس میں کَٹی)
ٹماٹر کا پیسٹ۔ تین کھانے کے چمچ
لال مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
نمک ۔آدھا چائے ک چمچ
لیموں کا رس۔ ایک کھانے کا چمچ
گرم مصالحہ ۔آدھا کھانے کا چمچ
پانی ۔آدھا کپ
کارن فلور پیسٹ ۔ایک چائے کا چمچ
کریم ۔چار کھانےکے چمچ
ترکیب۔
شرمپ کے لئے:
مکھن گرم کرکے اس میں کُٹا لہسن، کٹی پیاز فرائی کریں۔
اب اس میں جھینگے، نمک، پسی لال مرچ، کوکونٹ مِلک اور تیار کیا ہوا مکھنی سوس شامل کریں۔
آخر میں کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیا ڈال کر مِکس کریں۔
سوس کےلئے:
مکھن گرم کرکے اس میں سلائس میں کٹی ادرک، ٹماٹر پیسٹ ، لال مرچ، نمک،لیموں کا رس، گرم مصالحہ اور آدھا کپ پانی شامل کرکے پکائیں ۔
یہاں تک کہ اُبال آجائے۔
اب اس میں کارن فلور کا پیسٹ ڈال کر گاڑھا ہونے تک پکائیں ۔
آخر میں تازہ کریم ڈال کر چولہے سے اتار لیں۔
مزے دار شرمپ مکھنی سوس کے ساتھ پیش کریں۔
جھینگے اور گوبھی کے سینڈوچ
اجزاء۔
گوبھی۔ ایک پیالی(کاٹ کر ابال لیں)
جھینگے ۔ایک پیالی(ابال لیں)
انڈے ۔چھ (پھینٹ لیں)
مکھن۔ ایک ٹکیا
نمک ۔ایک چائے کا چمچ
کالی مرچ۔ایک چائے کا چمچ
ڈبل روٹی ۔ایک عدد
مایونیز سوس۔ایک پیالی
ترکیب۔
انڈوں میں نمک اور کالی مرچ ڈال کر پھینٹیں۔ پھر گوبھی اور جھینگے ملا کر پھینٹیں۔ اس کے بعد مکھن گرم کر کے اس آمیزے کا آملیٹ بنا لیں۔ ڈبل روٹی کے ایک سلائس پر مایونیز لگائیں۔ اوپر آملیٹ کے ٹکڑے رکھیں۔ پھر دوسرا سلائس رکھ کر دبا دیں۔ ٹماٹو سوس کے ساتھ پیش کر یں۔
پرانز سٹفڈ چکن رولز
اجزاء۔
چکن بریسٹ۔ دوعدد
جھینگے چھوٹے سائز کے ۔دو پیالی
نمک ۔حسبِ ذائقہ
خشک لہسن کا پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ
پسی کالی مرچ ۔ایک چائے کا چمچ
پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ
سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ
سویا سوس۔ دو سے تین کھانے کے چمچ
ڈبل روٹی کا چورا۔ ایک پیالی
میدہ۔ ایک پیالی
انڈے ۔دو عدد
آئل۔ حسب ِضرورت
ترکیب۔
چکن بریسٹ کو دس منٹ فریز ر میں رکھ کر اس کے پتلے پارچے کاٹ لیں اور دھو کر خشک کرلیں ۔جھینگوں کو دھو کر خشک کرلیں ۔نمک ،لہسن ،کالی مرچ ،سویا سو س سرکہ اور لال مرچ کو ملالیں اور اس میں جھینگے اور چکن کے پارچے ڈال کر میرینیٹ کریں اور دس سے پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔پھر ایک پین میں ایک کھانے کا چمچ کوکنگ آئل ڈال کر جھینگوں کو تیز آنچ پر فرائی کرلیں اور ٹھنڈا کرنے رکھ دیں۔
پھر جھینگو کو چکن کے پارچے میں رکھ کر رول کر لیں پھر رول کو پہلے خشک میدے میں ،پھر پھینٹے ہوئے انڈے میں اور پھر ڈبل روٹی کے چورے میں اچھی طرح رول کرلیں ۔تیار کئے ہوئے ان تمام رولز کو کوکنگ آئل میں سنہری فرائی کرلیںاور سرو کریں۔
کوکونٹ پرانز ود ٹرمیرک کورئینڈرمایونیز
اجزاء۔
بڑے جھینگے۔ایک کلو گرام
انڈے۔دوعدد
کھوپرا ۔ایک کپ
ہلدی (پسی ہوئی)۔ایک چوتھائی چائے کا چمچ
لہسن (کرش کیا ہوا)۔ایک جوا
لیمن کا چھلکا ۔دو چائے کے چمچ (گرائنڈ کیا ہوا)
تازہ ہرا دھنیا۔دو کھانے کے چمچ(کترا ہوا)
مایونیز کے لیے۔
ہلدی دھنیا مایونیز کو بنانے کے لیے ایک پیالے میں تمام اجزاء کو اچھی طرح مکس کر کے تھوڑی دیر رکھ دیں۔
ترکیب۔
جھینگوں کو اچھی طرح دھو کر صاف کر لیں ۔پھر ان جھینگوں کو انڈوں میں ڈپ کریں اور ان کو کھوپرے میں ڈال کر ایک کوٹ کریں۔کھوپرا کوٹڈ پرانز کو تیل لگی گرم باربی کیو پلیٹ پر پکائیں۔براؤن ہونے تک پکنے دیں۔گرم تلی ہوئی روٹی اور ہلدی مایونیز کے ساتھ پیش کریں۔
پران پلاؤ
اجزاء۔
اُبلے چاول۔ آدھا کلو
جھینگے۔ آدھا کلو
کٹے ٹماٹر ۔دو عدد
ثابت ہری مرچ۔ چار عدد
تیل ۔آدھا کپ
دہی ۔آدھا کپ
کریم ۔آدھا کپ
تلی پیاز ۔آدھا کپ
کری پتے۔ دس سے بارہ عدد
بھنا اور پسا زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
بھنا اور پسا دھنیا ۔ایک چائے کا چمچ
کیوڑا۔ ایک کھانے کا چمچ
کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ
پانی ۔ایک کھانے کا چمچ
ٹماٹر کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
لہسن کا پیسٹ ۔تین چائے کے چمچ
پسی لال مرچ ۔آدھا چائے کا چمچ
ہلدی ۔آدھا چائے کا چمچ
لیموں کا رس ۔دو کھانے کے چمچ
کٹا ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ
نمک ۔ڈیڑھ چائے کا چمچ
ترکیب۔
تیل گرم کر کے کری پتے اور کٹے ٹماٹر دو منٹ فرائی کر لیں۔
اب اس میں پھینٹا ہوا دہی، ہلدی، دھنیا، پسی لال مرچ، ٹماٹر کا پیسٹ، لہسن کا پیسٹ، لیموں کا رس اور ثابت ہری مرچیں ڈال کر پانچ منٹ اچھی طرح فرائی کریں۔
پھر اس میں جھینگے شامل کر کے فرائی کریں۔
اس کے بعد کریم اور کٹا ہرا دھنیا ڈال دیں۔
آمیزے کو گاڑھا کرنے کے لیے کارن فلور کو ایک کھانے کا چمچ پانی میں گھول کر شامل کریں اور چولہے سے اُتار لیں۔
الگ سے چاول، چٹکی بھر زردہ رنگ کے ساتھ اُبال لیں۔
اب ابلے چاولوں کو پلیٹ کے کناروں پر گولائی میں ترتیب دیں۔
درمیان میں خالی حصے کو پران کری سے بھر دیں۔
باریک کٹا دھنیا اور فرائی کی ہوئی پیاز سے گارنش کر کے سرو کریں۔
گرلڈ پرانز
اجزاء۔
جھینگا۔ 500گرام
سرکہ ۔تین کھانے کے چمچ
دہی ۔دو کھانے کے چمچ
نمک ۔حسبِ ذائقہ
پیلا رنگ ۔آدھا چائے کا چمچ
زیرہ کُٹا ہوا۔ ایک چائے کا چمچ
دھنیا پاؤڈر ۔ایک چائے کا چمچ
گرم مصا لحہ۔ایک چائے کا چمچ
لیموں کا رس ۔دو کھانے کے چمچ
تیل۔ دو کھانے کے چمچ
بادام کاجو پسے ہوئے۔ دو چائے کے چمچ
ادرک لہسن پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ
مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک کھا نے کا چمچ
ٹماٹو کیچپ ۔دو کھانے کے چمچ
ترکیب
ایک برتن میں جھینگے لیں اس میں سرکہ ادرک لہسن پیسٹ ڈ ال کراچھی طرح ملا لیں اور ایک گھنٹہ فریج میں رکھنے کے بعد پانی سے دھو کر خشک کر لیں ۔
اب ایک برتن میں دہی لیں اس میں نمک ،پیلا رنگ ،زیرہ کُٹا ہوا ،دھنیا پاؤڈر، گرم مصا لحہ ، لیموں کا رس ،کھانے کا تیل ،بادام کاجو پسے ہوئے،ادرک لہسن پیسٹ ، مسٹرڈ پیسٹ اور ٹماٹو کیچپ ڈا ل کر ملا لیں اب اس میں جھینگے ڈال کراچھی طرح ملا ئیں اور تیس منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں ۔اب گِرل پین پر کھانے کا تیل لگا کر جھینگوں کوگِرل کر لیں ۔مزیدار گرلڈ پران(جھینگا)سرو کرنے کے لیے تیا ر ہے ۔
تھائی پران سیلڈ
اجزاء۔
مٹر چھلکے سمیت۔ 90گرام
سرخ مرچ۔ آدھی
جھینگے صاف اور پکے ہوئے۔ 12عدد
ہرا پیاز۔ 3عدد
سبزدھنیا ۔تھوڑے سے پتے
ڈریسنگ کے لئے :
لیموں کا رس۔ 2عدد
جھینگے کی پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
اخروٹ کا تیل۔ ایک کھانے کا چمچ
لہسن پسا ہوا ۔آدھی پوتھی
ادرک پسا ہوا۔ ایک چائے کا چمچ
کیسٹر شوگر۔ ایک چٹکی
نمک اور کالی مرچ۔ حسبِ ضرورت
ترکیب۔
سب سے پہلے ڈریسنگ تیا رکریں ۔ تمام اجزاء کو بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں اور ایک طرف رکھ دیں ۔اب مٹر اور سرخ مرچ کو ابلتے ہوئے پانی میں آدھا منٹ تک ابالنے کے بعد نکال کر خشک ہونے دیں ۔ پھر ایک پیالے میں جھینگے ، ہرا پیاز اور دھنیے کی پتیاں ڈال کر اس میں خشک مٹر ملا لیں ۔ اب اس پر ڈریسنگ کا مکسچرڈال کر سروکریں۔تھائی پران سیلڈ تیار ہے۔