• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں دھند، دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک


کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد ہے، اسکردو، گوپس، بگروٹ ملک کے سرد ترین علاقے بنے ہوئے ہیں جہاں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ، جبکہ پنجاب کے شہروں میں دھند کے سبب موٹرویز کو بند کیا گیا ہے، پروازوں اور ٹرینوں کا بھی شیڈول متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ دجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہےا ور شمال مشرق کی سمت سے ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ آج دھند کے سبب حد نگاہ 4 کلو میٹر رہی۔

دوسری جانب ملک کےبالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت بلتستان کےمتعدد علاقوں میں برف باری نے ہر چیز کو جما دیا ہے، جبکہ خشک سردی کی وجہ سے موسمی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔

آزاد کشمیر، بلوچستان کےبالائی علاقوں میں بھی برف باری کے بعد سرد ترین موسم کا راج ہے، متعدد مقامات پر راستے بند ہیں ۔

خیبر پختونخوا کے کئی مقامات پر دھند سے شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہے ادھر پنجاب کے شہروں میں بھی دھند سے، موٹرویز بند، پروازوں اور ٹرینوں کا بھی شیڈول متاثر ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا ، تاہم پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین