وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی میں جمہوریت آئی تو فاطمہ بھٹو لیڈر بنیں گی۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی کو ہدفِ تنقید بنایا، انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کٹھ پتلی ہیں، بلاول بھٹو زرداری انہیں آزاد کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول صحیح کہتے ہیں کہ پاکستان میں وہ جمہوریت نہیں جہاں پارٹی رہنماؤں کے اکاؤنٹ سے کھربوں روپے برآمد ہوں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لے کر آئیں، دنیا نے دیکھا کہ مک مکے کی سیاست نے جمہوریت کی پیٹھ میں چھرا گھونپا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب ان کا خاندان اقتدار میں ہوتا ہے تو انہیں جمہوریت یاد آتی ہے، ان کی جمہوریت کا مطلب اقتدار ہے۔
وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا، تاہم ووٹرز کو تنہا اور اداس چھوڑ کر ملک سے باہر چلے گئے، ووٹرز باشعور ہیں، دو بیانیوں میں پھنسی نون لیگ پھڑ پھڑا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں سے متعلق پروپیگنڈا چل رہا ہے، قوم کو جاننا ہو گا کہ مسئلہ کہاں ہے، گیس مہنگی ہے تو ماضی میں مہنگے داموں ایل این جی خریدنے والے اس کے ذمے دار ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے کہا کہ غریب کا چولہا جلنا چاہیے، عمران خان اس ملک کی ضرورت اور مسیحا ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: احسن اقبال معیشت کی فکر اپنے دور میں کرتے، فردوس
انہوں نے مزید کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی کے لیے صنعتوں اور سی این جی کو گیس کی فراہمی میں کمی کرنی پڑی تو ہم کریں گے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں آج دو قومی نظریہ جیت گیا ہے، بھارت کا سیکولر ہونے کا دعویٰ آج وہاں گلی گلی نگر نگر ملیا میٹ ہو رہا ہے، بھارت لائن آف کنٹرول پر چھیڑ خانی کر کے دنیا کو غلط معلومات دینے میں مصروف ہے۔