پاکستان نے 13 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کرلی، جبکہ 16 سال 311 دن کے نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں 5 وکٹ حاصل کرنے والے دنیا کے دوسرے کم عمر ترین بولر بن گئے۔
کراچی ٹیسٹ میں پانچویں اور آخری دن کے کھیل کا آغاز ہوتے ہی ابتدائی 3 اوورز میں پاکستان نے بغیر کوئی رن دیئے 3 سری لنکن وکٹ حاصل کرکے میچ اور سیریز ایک صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔
ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 475 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے تعاقب میں پوری مہمان ٹیم 212 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں پاکستان نے 263 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کی۔
آج جب کھیل شروع ہوا تو نسیم شاہ نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر پریرا کی وکٹ حاصل کی، دوسرے اوور میں یاسر شاہ نے امبل دینیا کو آؤٹ کیا جبکہ تیسرے اوور میں نسیم نے کمارا کو آؤٹ کرکے پاکستان کو فتح دلوادی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں سب سے کامیاب بولر نسیم شاہ رہے انہوں نے 12اعشاریہ 5 اوور میں 31 رنز دے کر 5 بلے بازوں کو پویلین روانہ کیا، جبکہ یاسر شاہ نے 2، عباس ، شاہین اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ میں شاہین شاہ نے 5 شکار کیے تھے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن کے بعد بولرز نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو سیریز کی فتح کے نزدیک پہنچا دیا ہے۔
ٹیسٹ میچ میں بیٹسمینوں کی سنچریوں کے ریکارڈ کے بعد چوتھے دن بولرز کا راج رہا اور چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں 7 وکٹ پر 212 رنز بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کیریئر کا چوتھا ٹیسٹ کھیلنے والے اوشاڈو فرنینڈو نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی، چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر وہ 102 رنز بناکر کریز پر موجود تھے اور سری لنکا کو شکست سے بچنے کے لئے264رنز درکار تھے جبکہ اس کی 3 وکٹیں باقی تھیں۔
چوتھے دن کے کھیل کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے31رنز دے کر 3 وکٹ حاصل کیے یہ ان کی بہترین ٹیسٹ بولنگ ہے، جبکہ عابد علی اور شان مسعود کے بعد کپتان اظہر علی نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھو لیا اور ایک سال بعد ساتویں ٹیسٹ کی 14ویں اننگز میں سنچری کا اعزاز حاصل کیا۔
اظہر علی نے گزشتہ سال دسمبر میں ہی نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی، بابر اعظم نے مسلسل دوسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں تیسری سنچری اسکور کی ہے۔
چار سنچریوں کی بدولت پاکستان2019کے آخری ٹیسٹ میں پہلی جیت کی جانب گامزن ہے، پاکستان نے اس سے پہلے 13 ماہ قبل نیوزی لینڈ کو دبئی ٹیسٹ میں ہرایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے ہوم گرأونڈ پر 27 سال بعد سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست دی ہے، اس سے قبل 1992 میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر آخری بار ہرایا تھا اس کے بعد سری لنکا نے پاکستان میں 2 سیریز جیتیں اور 2 ڈرا کی تھیں ۔