• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہید بے نظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی مسلم خاتون وزیراعظم

تحریر:آصف نسیم راٹھور۔۔بریڈ فورڈ
بے نظیر بھٹو 1988 میں مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہونے سے لے کر 27دسمبر 2007تک یعنی دنیا سے رخصت ہونے تک انتہائی مشکل ترین حالات سے گزریں۔ مصیبتوں پریشانیوں اور دُکھوں کا صبرو استقلال کا پیکر بن کر مقابلہ کیا ،یہ بات حقیقت پر مبنی ہےان پر کہ 1979 میں اپنےوالد ذوالفقار علی بھٹوکی شہادت ،بھائی شاہ نواز کی موت پھر دور اقتدار میں بھائی مرتضیٰ کی شہادت سے لے کر اپنی زندگی کی آخری سانس تک مصائب کے پہاڑ توڑے گئے لیکن ایک سیاست دان ہونے کے ناتے مدبرانہ سوچ ،فہم و فراست ، صبر و تحمل اور بلند حوصلے و استقامت سے مشکل سفر طے کیا۔ تمام تر دُکھوں اور پریشانیوں کے باوجود مسلم دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم ہونے کی بنا پر انھوں نے ساری توجہ مُلک و قوم کی خدمت ، جمہوریت ، پاکستان کی فلاح و بہبود اور ترقی کی طرف مبذول کی، اس کے بعد آہستہ آہستہ وہ سیاست کے عالمی منظرنامےمیں دنیا میں اہمیت اور مقام اختیار کرتی گئیں۔ جمہوریت کے لیے بے نظیر بھٹو شہید کی استقامت و استقلال نے ان کے مخالفین کو بھی عالمی سیاست میں شہرت پذیرائی اور اعلیٰ کردار کی اہمیت کو تسلیم کرنے پرمجبور کردیا اذیتیں بےنظیر بھٹو کا نصیب ٹھہریں جس دوران والد جیل میں تھے اور ہر گذرتا دن پھندے کو گلے کے قریب تر کررہا تھا، بیٹی کی نگاہیں اپنے بابا کے چہرے سے جدا ہونا نہیں چاہتی تھیں مگر ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی ٹل نہیں سکتی تھی۔ کارکن سزائیں کاٹ رہے ہیں، کوڑے کھا رہے ہیں اور زندان میں پابند سلاسل ہیں، حالات کا جبر اپنی انتہا پر ہے مگر ان اعصاب شکن گردشوں میں محترمہ نے اپنی عورت کو مرنے نہیں دیا۔ ان کے ماتھے پر مردانہ کرختگیاں کبھی جگہ نہیں پاسکیں،ان کی روشن ستارہ آنکھوں نے اشکوں کی سلامی گوارا نہیں کی، ان سے بڑھ کر بھی کوئی مصروف ہوا ہے ؟ مگر اپنے بچے نوکروں کو نہیں سونپے۔ اپنے خاص مہمانوں کے لئے چائے خود بنا کر پیش کرنے کی روایت قائم رکھی، وہ سرتا پا ایک عورت ہی رہی۔اس جنگ کی تو خوبصورتی ہی یہی ہے کہ ایک مکمل عورت کے عزم و استقلال نے ایک مکمل مرد کی بے تابیوں کو تمغوں پر لگی دھول چاٹنے پر مجبور کیا۔دُکھوں نے بے نظیر بھٹو کی دنیا کو اندھیر کر دیا ایسے دُکھ دیکھنا نصیب ہوئے کہ اگر ان دُکھوں کو پہاڑ پر ڈال دیا جاتا شاید وہ بھی برداشت نہ کر پاتا،بے نظیر بھٹو نے وہ دُکھ برداشت کئے جن میں سے کچھ ہم سب کے سامنے کھلی کتاب کی طرح ہیں اور ان کے سینے میں ایسے خنجر بھی اترے جن سے خود انھوں نے بھی آنکھیں چرائیں۔ سخت صعوبتیں اور آزمائشیں برداشت کرنے کے بعد عوام کے ووٹ سے برسر اقتدار آئیں۔ عورتوں کے لیے پاکستان جیسے بند سماج میں ان کے ووٹرزنے معجزہ کر دکھایا اور وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر پہنچیں۔ اس وقت ان کی عمر 35 برس تھی اور پاکستان ایک ایسے جزیرے کی مانند تھا جس کے چاروں طرف اقتدار کے بھوکے مگر مچھ ہر وقت اپنے جبڑے کھولے گھومتے تھے۔ ان کی پہلی حکومت دسمبر 1988ء سے اگست 1990ء تک قائم رہی اس کے بعد وہ معزول کردی گئیں۔جلاوطنی کا ایک طویل دور گزار کر جب وہ وطن واپس آئیں تو ایک بدلی ہوئی انسان تھیں۔ میثاق جمہوریت تخلیق کرنے کے بعد وہ سیاستدان سے زیادہ ایک مدبر، ایک رہنما بن چکی تھیں۔ ان کے خیالات میں انقلابی تبدیلیاں آچکی تھیں۔ عوام جمہوریت اور پاکستان کی خاطر اپنی جان قُربان کرنے والی قوم کی عظیم لیڈر اور رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اپنی سوچ عزم اور بصیرت کی صورت میں آج بھی زندہ ہے پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے شہید جمہوریت کا خواب ہمیشہ زندہ رہے گا۔
تازہ ترین