• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاوید جعفری بھارت مخالف بیان پر تنقید کا شکار

جاوید جعفری مودی سرکار کے خلاف بولنے پر تنقید کا شکار


بالی ووڈ کامیڈین اداکار جاوید جعفری نے خود پر تنقید ہونے کے باعث سوشل میڈیا چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیے: جاوید جعفری بھی بھارتی متنازع شہریت قانون پر بول پڑے

بھارت میں جاری متنازع شہریت کے خلاف جہاں دیگر بھارتی فن کار بول رہے ہیں وہیں گزشتہ دِنوں بالی ووڈ کامیڈین اداکار جاوید جعفری نے بھی اپنی ایک تقریر کے ذریعے یہ ثابت کردیا تھا کہ وہ بھی مودی سرکار کے اِس فیصلے کے خلاف ہیں۔

جاوید جعفری نے اپنی تقریر میں معروف بھارتی شاعر راحت اندوری کے اشعار پڑھے تھے کہ

لگے گی آگ تو آئیں گے کئی گھر زد میں

یہاں پر صرف ہمارا مکان تھوڑی ہے

سب ہی کا خون شامل ہے ہندوستان کی مٹی میں

کسی کے باپ کا ہندوستان تھوڑی ہے

جاوید جعفری کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتیوں کی جانب سے اُن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس کے بعد جاوید جعفری نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اِس نفرت اور ٹرولنگ کو مزید برداشت نہیں کرسکتا، اِس لیے جب تک صورتحال بہتر نہیں ہوجاتی ہے تب تک میں سوشل میڈیا پر اِس پر کوئی بات نہیں کروں گا۔‘

اداکار نے اپنے ٹوئٹ میں دو ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے IndiaFirst اور JaiHind۔

واضح رہے کہ  جاوید جعفری نے اپنے ایک میڈیا بیان میں کہا تھاکہ ’طلبہ سڑکوں پر اپنی زبردست طاقت دکھا رہے ہیں لیکن میڈیا خاموش ہے۔‘

انہوں نے مودی سرکار پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کب تک چُپ رکھو گے، جو کرنا ہے کرلو۔‘

واضح رہے کہ بھارت میں متنازع شہریت قانون کے خلاف صورت حال دن بہ دن خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے جس کے خلاف چنئی، ممبئی، نئی دلی، اتر پردیش، گڑگاؤں، پٹنہ، گوہاٹی، کلکتہ اور دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق اِن مظاہروں میں 25 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین