بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں کی گئی ہیں جن کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر میں پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجی مارے گئے اور کچھ بھارتی فوجی زخمی بھی ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے دیوا سیکٹر میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوئے، شہید ہونے والے جوانوں میں نائب صوبیدار کندیرو اور سپاہی محمد احسان شامل ہیں۔