وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام دفاع وطن کے لیے مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ سینہ سپر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کی بے حسی، سفاکی ہے، متاثرہ افراد کے زخموں پر مرہم رکھنا وزیراعظم کے پرُخلوص احساس کا مظاہرہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر رہنے والوں کے لیے پیکج ان خاندانوں کی فلاح و بہبود میں معاون ہوگا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر مقیم 33 ہزار 498 خاندانوں کی ہرشادی شدہ خاتون کو ہرسہ ماہی میں 5 ہزار روپےبھی دیے جائیں گے،جبکہ رقم کی ادائیگی 4 سہ ماہی تک جاری رہے گی۔