دماغی کام کرنے میں بادام کھانے کی عادت بہت کام آتی ہے، لیکن لوگوں کو بادام کھانا ہی یاد نہیں رہتا۔ بادام سے صرف دماغ ہی تیز نہیں ہوتا بلکہ اس کے بہت سے دیگر فوائد بھی ہیں، لیکن پہلے بادام کے بارے میں مختصراً جان لیں۔ بادام دو قسم کے ہوتے ہیں ، ایک میٹھا اور دوسرا کڑوا۔ اس کا درخت عموماً 20سے 25فٹ تک اونچا ہوتاہے ۔ بادام کا پھل شروع میں مخملی اور سبز رنگ کا ہوتاہے۔ اس کے اندر کی گری معمولی کھٹی اور کسیلی ہوتی ہے۔
جب پھل پک جاتاہے تو اوپر کا چھلکا پھٹ کر الگ ہوجاتا ہے اور گٹھلی نکل جاتی ہے۔ ہمارے ہاں کاغذی اور کاٹھے بادام بہت شوق سے کھائے جاتے ہیں۔ امریکن بادام کی گری میٹھی اور بڑی ہوتی ہے ۔ قندھاری اور ایرانی بادام بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ بادام کے فوائد پر نظر ڈالتے ہیں۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
کچے بادامو ں میں وافر مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں، جو آپ کے جسم کے خلیوں کو سکڑنے سے محفوظ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔ ان خلیوں کی وجہ سے عمر بڑھنے کے دوران جِلد ڈھلنے لگتی ہے اور کینسر کے خدشات لاحق ہوتے ہیں۔ تاہم یہ بات یاد رکھنے کی ہے کہ یہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس بادام کے چھلکوں میں موجود ہوتے ہیں اس لئے آپ انہیں چھلکوں سمیت کھائیں تاکہ انکے بہترین فوائد پاسکیں۔
ہڈیوں کی صحت
بادام میں بھرپور مقدار میں فاسفورس، میگنیشیم اور کیلشیم موجود ہوتے ہیں، جوآپ کی ہڈیوں اور دانتوں کی بہتر صحت کے ضامن ہوتے ہیں۔ اپنی ہڈیوں کی صحت بہتر رکھنے کیلئے آپ کو ایک پیالہ دہی اور دلیے میں مٹھی بھر بادام ملا کر کھانے چاہئیں یا کسی بھی اسموتھی کے ساتھ بادام مکس کرکے نوش کرنے چاہئیں۔
دل کی حفاظت
تحقیق سے پتہ چلاہے کہ روازنہ مٹھی بھر بادام کھانے سے آپ کے جسم میں نقصان دہ کولیسٹرول کے لیول کو کم اور صحت بخش کولیسٹرول کے لیول کو برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ بادام کو اسنیک کے طور پر کھانے سے آپ کے Alpha-1 HDLکا لیول بڑھتاہے، یہ کولیسٹرول کی ایسی قسم ہے، جو آپ کے دل کی صحت بہتر رکھنے میں مدد کرتی ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم اور پروٹین دل کو مضبوط کرتے ہیں۔ وٹا من ای کی وجہ سے دل کی بیماریاں دور ہوتی ہیں جبکہ میگنیشیم دل کا دورہ پڑنے سے محفوظ رکھتا ہے ۔
بلڈ شوگر لیول میں کمی
بادام میں کاربوہائیڈریٹ کم لیکن صحت بخش چکنائی، پروٹین اور فائبربڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے ۔ بادام میں میگنیشیم کے علاوہ ایک ایسا منرل بھی ہوتاہے، جو ذیابطیس کے مریضوں کو موزوں مقدار میں نہیں مل پاتا۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ میگنیشیم کی بلند سطح ٹائپ ٹو ذیابطیس ہونے اور میٹابولزم کو متاثر کرنے سے روک سکتی ہے۔ یہی دونوں عوارض آج کی دنیا میں سب سے اہم مسائل ہیں۔
وزن میں کمی
روزانہ چند بادام بطور اسنیک کھانے سے آپ کو سیر شکمی حاصل ہوتی ہے اور آپ کافی دیر تک بھوک محسوس نہیں کرتے۔ اس کی وجہ بادام میں موجود فائبر، پروٹین اور چکنائی ہوتی ہے،جو آپ کو زیادہ پیٹ بھرنے کی طرف راغب نہیں کرتی۔ تحقیق سے پتہ چلتاہے کہ جسم میں کیلوریز کو جذب کرنے کے عمل کو کم کرنے میں بادام اہم کردار ادا کرتا ہے، اسی وجہ سے بادام آپ کے وزن میں کمی کیلئے بہترین دوست کی طرح کام کرتا ہے۔
بادام بھگو کر کھانے کے فوائد
بادام کو اگر پانی میں بھگو کر کھایا جائے تو اس کے دگنے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ اس میں موجود منرلز، وٹامنز، میگنیشیم، کیلشیم، وٹامن ای اور اومیگاتھری فیٹی ایسڈ سے جسم چاق چوبند رہتا ہے۔ بادام پانی میں بھگو کر کھانے کے درج ذیل فوائد ہیں:
٭ بادام میں موجود انزائم پانی میں بھیگ جانے کی وجہ سے فوری ہاضمے کا باعث بنتے ہیں جبکہ بادام خشک ہونے کی صورت میں اسے ہضم کرنے میں وقت لگتا ہے۔
٭ بھیگے بادام کھانے کی وجہ سے دل کی شریانوں کی سوزش میں کمی آتی ہے۔
٭ بادام میں موجود میگنیز، آئرن اور کاپر کی وجہ سے میٹا بولز م میں اضافہ ہوتاہے اورجسمانی کمزوری دور ہوتی ہے۔
٭ تحقیق سے ثابت ہے کہ بادام میں موجود رائیبو فلاوِن اور ایلکرنٹائن کی وجہ سے دماغ نشوونما پاتاہے اور اعصابی کمزوری دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی لیے دماغ کی بہتر نشوونما کیلئے خود بھی بادام کھائیں اور اپنے بچوں کو بھی کھلائیں ۔
٭ اگر آپ موسمِ سرما میں بادام کا باقاعدگی سے استعمال کریں تو نزلہ زکام ہونے کا امکان کم ہوگا۔