• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے سال کا جشن منانے والے متعدد افراد جزیرہ استولہ میں پھنس گئے


بلوچستان کے ساحلی علاقے پسنی کے قریب نئے سال کا جشن منانے کے لیے جانے والے متعددافراد سیاحتی جزیرے استولہ میں پھنس گئے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گوادر انیس گورگیج کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جزیرہ استولہ میں 10 سے زائد افراد پھنس گئے ہیں ، جن میں وکلاء بھی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پھنسے ہوئے افراد 31 دسمبر کو سال نو کا جشن منانے استولہ گئے تھے ، تاہم سمندر میں طغیانی کی وجہ سے جزیرے سے واپس پسنی نہیں پہنچ سکے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ سمندری ہواؤں اور تیز لہروں کی وجہ سے امدادی کارکنوں کو جزیرے تک رسائی میں مشکل پیش آرہی ہے، استولہ پر جانے کے لیے متاثرہ افراد نے این او سی بھی نہیں لیا تھا۔

اطلاعات کے مطابق جزیرے میں پھنسے ہوئے افراد نے اپنے گھر والوں سے رابطہ کرکے صورتحال سے آگاہ کیا ہے جس کے بعد انہیں جزیرے سے بحفاظت واپس لانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

جزیرہ استولہ بلوچستان کے ضلع گوادر میں واقع ہے ، جسے صوبائی حکومت نے 15 جون 2017 کو سمندری و جنگی حیات کے تحفظ کے لیےمیرین پروٹیکٹیڈ ایریا قرار دیا تھا، جس کا مقصد انسانوں کی زیادہ آمد و رفت کی وجہ سے جزیرے کے قدرتی ماحول کو نقصان پہنچنے سے بچانا ہے۔

تازہ ترین