• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے نئے سال کا عہد فہد مصطفیٰ کو مایوس کرنا ہے، ہانیہ عامر


معروف اداکارہ ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے نئے سال کا عہد کیا ہے وہ ٹِک ٹاک ویڈیوز بنائیں گی اور اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ کو مایوس کریں گی۔

پاکستان شوبز انڈسڑی سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ہانیہ عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اسٹوری لگائی جس میں اُنہوں نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی، انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی جانے والی ویڈیو میں ہانیہ عامر نئے سال کے لیے اپنے عہد کے حوالے سے اپنے مداحوں کو آگاہ کر رہی ہیں۔

ہانیہ عامر نے اپنی ویڈیو میں اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے نئے سال کے لیے عہد کیا ہے کہ مجھ سے جتنا زیادہ ہوسکے گا میں اُتنی زیادہ ٹِک ٹاک ایپ استعمال کروں گی اور اِس سے فہد مصطفیٰ کو مایوس کروں گی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’میرا ٹِک ٹاک ایپ پر اکاؤنٹ موجود ہے لیکن اُس پر میں نے صرف ایک ویڈیو اپ لوڈ کی ہوئی ہے اور میں اُس ویڈیو میں پیانو بجا رہی ہوں لیکن میرے نئے سال کا عہد ہے کہ میں اب باقاعدگی سے ٹِک ٹاک ایپ استعمال کروں گی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں اب بہت جلد ہی ٹِک ٹاک ایپ پر فعال نظر آؤں گی اور ویڈیوز بناؤں گی کیونکہ ٹِک ٹاک تفریحی کے لیے ایک بہت اچھی سوشل ایپ ہے۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دِنوں فہد مصطفیٰ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا تھا جس میں اُنہوں نے والدین کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’خُدارا اپنے بچو ں کو ٹِک ٹاک سے دور رکھیں کیونکہ یہ صحت مند سرگرمی نہیں ہے۔‘

اُنہوں نے ساتھ میں یہ بھی لکھا تھا کہ ’پوری قوم کچھ خاص کام کرنے میں مصروف نہیں ہے،‘ اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ DoSomethingProductive بھی استعمال کیا تھا۔

اِس ٹوئٹ کے بعد فہد مصطفیٰ نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے بھی ٹوئٹ کیا تھا جس میں اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’سب کو نیا سال مُبارک ہو اور ٹِک ٹاک سے دور رہنا نہیں بُھولنا۔‘

یاد رہے کہ گزشتہ دِنوں سیالکوٹ میں گیارہویں جماعت کا عمار سید ٹِک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، اِس واقعے کے بعد فہد مصطفیٰ نے ٹِک ٹاک ایپ کے استعمال کے حوالے سے ٹوئٹ کیے تھے۔

تازہ ترین