• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں سردی کی شدت معمولی کم، کراچی میں برقرار

ملک بھر میں سردی کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے جبکہ کراچی میں سردی کی جاری لہر برقرار ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد کا موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 10اعشاریہ 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت  23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

شہر میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہے۔

ادھر ملک بھر میں سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لپیٹ میں رہے۔


کالام، مالم جبہ، دیر، چترال، پاراچنار، سیدو شریف، کشمیر، کوئٹہ اور قلات میں بارش ہوئی، اس دوران کالام، مالم جبہ، دیر، چترال، دروش اور کوئٹہ میں برف باری بھی ریکارڈ کی گئی۔

ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، سب سے سرد مقام اسکردو رہا جہاں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

پارا چنار میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 6، بگروٹ، مالم جبہ اور استور میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیا جانے والا کم سے کم درجۂ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، لاہور میں 4، پشاور میں 8، کوئٹہ میں صفر، مظفر آباد میں 1، گلگت میں منفی 1، فیصل آباد میں 3، ملتان میں 4 اور حیدر آباد میں کم سے کم درجۂ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبر پختون خوا کے پہاڑی علاقے، شمال مغربی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

ادھر گلیات میں برف باری جاری ہے، ترجمان گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق گلیات میں گزشتہ رات سے برف باری جاری ہے۔

نتھیا گلی، ایوبیہ اور ٹھنڈیانی میں 6 انچ تک برف پڑی، جے ڈی اے اور کے پی ہائی ویز اتھارٹی کا عملہ مشینری کے ساتھ سڑکوں پر موجود ہے۔

سیاحوں کی سہولت اورٹریفک کو رواں رکھنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

تازہ ترین