اینکر مبشر لقمان نے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کے خلاف لاہور کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درخواست دے دی۔
تھانہ ماڈل ٹاؤن میں دی گئی درخواست میں اینکر مبشر لقمان نے الزام عائد کیا ہے کہ محسن لغاری کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں وفاقی وزیر فواد چودھری اور ان کے گارڈز نے انہیں دھکے دیے اور تشدد کیا، پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور اسحاق خاکوانی نے معاملہ رفع دفع کرایا۔
درخواست میں مبشر لقمان کی جانب سے یہ مؤقف بھی اپنایا گیا ہے کہ میرے ساتھ سخت زیادتی ہوئی ہے، فواد چوہدری کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست وصول کر لی ہے، کارروائی قانون کے مطابق ہو گی۔
واضح رہے کہ محسن لغاری کے بیٹے کی شادی میں فواد چودھری نے پہلے ٹی وی اینکر کو تھپڑا مارا جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہوگئے، تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے دونوں میں بیچ بچاؤ کرایا۔
مذکورہ ٹی وی اینکر نے حریم شاہ سے متعلق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر الزام عائد کیا تھا۔