• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران پرحملےکیلئے کانگریس کی منظوری درکار نہیں، ٹرمپ

امریکا اورایران کی ایک دوسرے پرحملہ کرنے کی دھمکیوں میں شدت




امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر کسی حملے کے لیے انہیں امریکی کانگریس کی منظوری درکار نہیں ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے تازہ بیان میں ڈیمو کریٹس سمیت ناقدین کو جواب دیتے ہوئےکہا کہ ان کے بیانات ہی کانگریس کےلیے نوٹی فکیشن کی حیثیت رکھتے ہیں۔عراق سے امریکی فوج کو نکلنے پر مجبور کیا گیا تو عراق پر سخت پابندیاں لگائیں گے ۔

ادھر پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضائی نے کہا ہے اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو اسرائیلی شہروں حائفہ اور تل ابیب کو راکھ میں بدل کر رکھ دیں گے ۔

ایران نے ایٹمی ڈیل کی پاسداری سے بھی دستبرداری کااعلان کردیا۔امریکا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایران ،شام یا عراق میں امریکی فوجیوں کو نشانہ بنا سکتا ہے ۔

ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے شعلے شدت سے بھرک رہے ہیں ۔ٹرمپ حملے کی صورت میں ایران کے باون اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔

ادھر پاسداران انقلاب کے سابق سربراہ محسن رضائی نے ٹرمپ کی دھمکی کے جواب میں کہا کہ ٹرمپ کہتے ہیں کہ ایران نے بدلہ لیا تو امریکا حملہ کرے گا ۔ایران پرحملہ کیا گیا تو اسرائیل کو دنیا کےچہرے سے مٹا کر رکھ دیں گے ۔

عراقی دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے کےقریب گزشتہ رات ایک اور حملہ ہوا۔دو راکٹ سفارتخانے کے قریب ،تیسرا راکٹ گرین زون سے باہر اور ایک گھر پر گرا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے اورگھرکونقصان پہنچا ۔

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیونے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران عراق یا شمال مشرقی شام میں امریکی فوجیوں کو نشانہ بنا نے کی کوشش کر سکتا ہے ۔جو ایران کی بہت بڑی غلطی ہو گی ۔جنرل قاسم سلیمانی کی موت کے بعد دنیا اب محفوظ ہوگئی ہے۔

دوسری جانب امریکی ڈرون حملے میں جاں بحق جنرل قاسم سلیمانی کی میت مشہد سے تہران پہنچا دی گئی ۔ جنرل قاسم سلیمانی پر حملےکیخلاف ہزاروں افراد نے مارچ کیا اور امریکا مخالف نعرے لگائے۔

جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کے خلاف لندن میں امریکی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مانچسٹر میں بھی مظاہرے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

ادھر ایران نے ایٹمی معاہدے کی پاسداری ختم کرنے کا اعلان کرتے ہو ئے کہا کہ اگر عالمی برادری ایران پر پابندیاں ختم کرے اور ایرانی مفادات کے تحفظ کی یقین دہانی کرائے تو ڈیل پر کاربند ہونے پر غور ہو سکتا ہے۔

جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے برطانوی وزیراعظم اورفرانسیسی صدر سے فون پر گفتگو کی۔ اور فیصلے واپس لینے پر زور دیا ۔

فرانسیسی صدر میکرون نے امریکی صدر سے رابطہ کیا اور مکمل اظہاریکجہتی کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کوعدم استحکام کی طرف لے جانے والی کسی بھی فوجی مہم جوئی سے گریزکرے۔

عراقی سرزمین پرغیر ملکی فوجوں کے خلاف عراقی پارلیمنٹ میں قرارداد منظور کرلی گئی۔ وزیر اعظم عادل المہدی نے پارلیمنٹ کو غیر ملکی فوجوں کے انخلا کے اقدام کی ہدایت کردی ۔

امریکی محکمہ خا رجہ نے فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا کہ قرارداد کےاثرات اوراس کی قانونی نوعیت پرمزیدوضاحت کا انتظارہے۔

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کہتے ہیں جنرل قاسم سلیمانی کےاقدامات سے ہزاروں اموات ہوئیں۔برطانیہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی موت پراظہارافسوس نہیں کرے گا۔

ادھر سعودی عہدیدار نےغیرملکی خبرایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ جنرل قاسم سلیمانی پر حملے سے متعلق امریکا نے اپنے حلیف سعودی عرب سے مشاورت نہیں کی تھی ۔

سعودی حکومت نے موجودہ صورتحال میں تحمل کی ضرورت پرزوردیا ہے۔ کسی بھی ایسےعمل سے اجتناب کرنا چاہیے جوکشیدگی کا باعث بنے۔

تازہ ترین