• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسانی جسم کا سب سے اہم حصہ دماغ اگر صحیح طریقے سے کام کر رہا ہوتو پورےجسم کی کی کارکردگی بہتر رہتی ہے، اگر دماغی طور پر تھکاوٹ محسوس ہوتی رہے یا الجھن کا شکار رہیں تو اس کے نتیجے میں آپ کی روز مرہ کے سارے کام متاثر ہو سکتے ہیں۔

دماغی امراض کے ماہرین کے مطابق دماغ کی صحت برقرار رکھنے کے لیے مکمل نیند لینا بہت ضروری ہے، کیوں  کہ دماغ جسم کا وہ واحد اعضاء ہے جو چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے حتیٰ کہ جب ہم سو رہے ہوتے ہیں، اسی لیے جس طرح ہمارے جسم کے دیگر اعضاء، جلد، بال ، آنکھیں، جگر اور پھیپڑوں کی صحت کابہتر غذا کے ذریعے خیال رکھا جاتا ہے، اسی طرح ہمیں اپنے دماغ کی صحت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

دماغ بہتر بنانے کے لیے مندرجہ ذیل عادات اپنا لیں جس سے پر سکون زندگی گزار سکتے ہیں:

نیند دماغ کے لیے ڈیٹاکس کا کام کرتی ہے

نیند کے دوران دماغ میں موجود ’ گلیمفیٹک‘ نامی ایک سسٹم اپنا کام شروع کر دیتا ہے جسے دماغی فضلہ صاف کرنے والا سسٹم بھیکہا جاتا ہے، نیند کے دوران دماغ سکڑ کر اپنے اصلی سائز کے مقابلے میں 60 فیصد رہ جاتا ہے ، جس سے دماغ کے خلیوں کو زیادہ جگہ مل جاتی ہے ، اس دوران دماغ میں موجود ’ سیلیبرل ‘ نامی مادہ نکلتا ہے جس کے نتیجے میں دماغ میں موجود فضلے کو صاف ہونے میں مدد ملتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مکمل نیند دماغی صحت کے لیےاہم ترین ہے۔ اس سے روزانہ کی بنیاد پر دماغ کی صفائی ہوتی رہتی ہے، ہفتے میں کم از کم 4 سے 5 دن مکمل اور پر سکوننیند لینی چاہیے ورنہ آپ کا دماغ سکڑ جاتا ہے اور اس کی کارکردگی بھی خراب ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں باتوں اور چیزوں کا رکھ کر بھول جانا اور باتوں یا حالات کا سمجھ میں نہ آنا شامل ہے ۔

اومیگا فیٹی ایسڈکا استعمال لازمی کریں

اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور بنیادی فیٹی ایسڈز کا استعمال دماغ کے لیے لازمی جز ہے ، السی کے بیج، تخم بالنگا، اخروٹ اور مچھلی اومیگا تھری فیٹی ایسڈ سے بھرپور غذائیں ہیں۔

ماہرین کے مطابق اپنی غذامیں سے تیل کا استعمال بالکل نکال دینا صحیح فیصلہ نہیں ، یہ دماغ کی صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے ، دماغ کی صحت کے لیے کھوپرے کا تیل، اصلی گھی، زیتون اور سرسوں کے تیل کا استعمال جاری رکھنا چاہیے جبکہ ڈیپ فرائیڈ ، مرغن غذائیں اور جنک فوڈ ترک کر دینا چاہیے۔

ہرے پتوں والی سبزیوں کا استعمال کریں

ہرے پتے والی سبزیاں صرف آپ کے دماغ ہی نہیں بلکہ مجموعی صحت میں بھی بہت اہم کردار ادا کرتی ہیں، ان میں کیلوریز بہت کم اور کولیسٹرول بھی کم پایا جاتا ہے اور ان کے استعمال سے وز ن میں کمی بھی آتی ہے۔

صحت مند دماغ پانا چاہتے ہیں تو پالک ، بروکولی،گوبھی، گاجر اور ہری دال کو غذا میں لازمی شامل کر لیں۔

دماغ کی صحت کیلئے کونسا پھل کھائیں؟

موسمی پھلوں کا استعمال لازمی کریں ، بیریز دماغی صحت کے لیے نہایت مفید ہیں، دماغ کی بہترین کارکردگی کے لیے ان کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کریں ۔

بلیک کافی یا چائے کا استعمال اچھا ہے

بغیر چینی اور دودھ کے بلیک کافی کا استعما ل دماغ کے لیے اچھا ہے، مگر یہ ذہن میں رکھیں کہ بلیک کافی کا استعمال خالی پیٹ نہ کیا جائے، روزانہ کی بنیادپر ایک یا دو کپ بلیک کافی ایک اچھا آپشن ہے ۔

سبز یا بغیر دودھ اور چینی کے کالی چائے بھی اعتدال کے ساتھ استعمال کی جائے تو دماغ کے لیے اچھی ہیں۔

ہلدی کا استعمال

ہر گھر کے کچن میں، کھانوں اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال ہونے والی ہلدی دماغ کے لیے بھی بہترین مصالحہ ہے ، ہلدی کو کالی مرچ اور اصلی گھی میں ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ دماغ کے ساتھ جلد، قوت مدافعت ، آنکھوں ، بالوں اور جگر کے لیے بھی ایک بہترین ٹانک ثابت ہوتی ہے ۔

ورزش کریں

روزانہ کی بنیاد پر آپ جتنا خود کو متحرک رکھیں گے، جتنی ورزش کریں گے اتنا ہی آپ کا دماغ بہتر کام کرے گا، کم از کم 15 سے 30 منٹ یا اس سے زائد وقت کے لیے ایک ہفتے میں 5 بار لازمی ورزش کریں۔

قدرتی ماحول سے قریب رہیں

قدرت آپ کو پر سکون اور مطمئن رہنے میں  مدد فراہم کرتی ہے، کوشش کریں خود کو مصنوعی کے مقابلے میں قدرتی ماحول سے قریب رکھیں یا کوشش کریں کے شام میں 15 سے 20 منٹ کے لیے کسی پارک میں ضرور جائیں اور وہاں اچھا وقت گزاریں۔

پر سکون رہنے کی کوشش کریں

دماغ کو صحت مند اور الجھنوں سے بچانےکے لیے خود کو پر سکون رکھنے کی کوشش کریں اور سوشل میڈیا، فون ، لیپ ٹاپ اور الیکٹررانک گیجٹس سے خود کو دور رکھیں، تھکا دینے والے دن کے آخر میں خود کو پر سکون رکھنے اور اچھی نیند کے لیے بستر پر جانے سے پہلے آپ یوگا کی مدد لے سکتے ہیں، بستر پر لیٹنے کے بعد فون کا استعمال نہ کریں۔

تازہ ترین
تازہ ترین