• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کے زیراہتمام کل بروز جمعرات 9جنوری کو بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں مقبوضہ کشمیر میں کئی ماہ سے مسلسل محاصرے اور کشمیریوں پر جاری مظالم کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے ایک کیمپ لگایاجائے گا۔

 کشمیرکونسل ای یو  کے مطابق یہ آگاہی مہم اگلے ہفتے بھی جاری رہے گی اور دوسرا کیمپ اسی مقام پر 13 جنوری بروز سوموار لگایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بھارت نےگزشتہ سال 6 اگست سے جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کرکے مقبوضہ وادی میں اس وقت سے مسلسل لوگوں کا محاصرہ کر رکھا ہے، ہزاروں لوگ گرفتار ہیں اور ذرائع آمد و رفت مسدود اور مواصلاتی رابطے محدود کردیئے گئے ہیں۔

نئے سال کے آغاز پر کشمیرکونسل ای یو کا یہ احتجاج اس لیے بھی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ گز شتہ دنوں یورپی یونین کی اعلیٰ سطح قیادت میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں، ان تبدیلیوں کے تحت یورپی کونسل کے سربراہ اور اعلیٰ سفارتی نمائندہ سمیت یونین کی نئی قیادت سامنے آئی ہے۔

ان احتجاجی کیمپوں کے دوران مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا جائے گا اور یورپی باشندوں میں آگاہی کے لیے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور تنازعہ کشمیر کے حوالے سے معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کئے جائیں گے۔

کیمپ کے دوران یورپی باشندوں سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں دستخط بھی لیے جائیں گے جو یورپ میں جاری کشمیرکونسل ای یو کی ایک ملین دستخطی مہم کا حصہ ہے۔

اس حوالے سےکشمیرکونسل ای یو کےسینئرعہدیداروں پر مشتمل کور کمیٹی کا اجلاس کونسل کے چیئرمین علی رضا سید کی صدارت میں گز شتہ روز برسلز میں منعقد ہوا جس میں نئے سال کی مناسبت سے کونسل کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی گئی، نئے سال کے لائحۂ عمل کے تحت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال بالخصوص بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کے بارے میں یورپ بھر میں مہم تیز تر کی جائے گی۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یوعلی رضا سید نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور تنازعہ کشمیر کے حقیقت کے بارے میں دنیا کو آگاہ کرتے رہیں گے، آج پانچ ماہ گزر چکے ہیں کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کا مسلسل محاصرہ کیا ہوا ہے جس سے آٹھ ملین انسان بری طرح متاثر ہورہے ہیں، ان کی زندگی مفلوج ہے اور انہیں بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے۔

انہو ں نے عالمی طاقتوں بشمول امریکہ اور یورپی یونین اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم بند کرواکر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کریں۔

تازہ ترین