مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر رد عمل دے دیا۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب، تقاریر سے روٹی، روزگار اور کاروبار نہیں ملتا۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے وزیر اعظم سے سوال کیا کہ خان صاحب کیا آپ کی تقریر سے لوگ بجلی اور گیس کے بل دینے کے قابل ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں ہنر مند پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کی زندگی میں اچھے برے وقت آتے ہیں، سکون کی زندگی صرف قبر میں ہی ہوتی ہے، جبکہ انسان کی زندگی میں برا وقت اصلاح کے لیے آتا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل رہا ہے، روڈ میپ دے رہا ہوں کہ کیسے عظیم قوم بننا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جیسے جیسے پیسا آئے گا تعلیم، صحت اور ٹیکنیکل ایجوکیشن پر زیادہ پیسا خرچ ہوگا، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو تربیت دیں گے، 500 ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹرز کھولیں گے جبکہ 70 سینٹرز پہلے مرحلے میں مدرسوں میں کھولیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے ہنر مند پاکستان کے لیے 30 ارب روپے دیئے ہیں، پہلے مرحلے میں 10 ارب روپے استعمال ہوں گے، اس سے تنخواہ دار لوگوں کو گھر بنانے کے لیے بینک سے قرضےملیں گے اور اس سے 40 صنعتیں چل پڑیں گی ساتھ ہی ملک میں بے روزگاری ختم ہوگی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹا ساطبقہ امیر ہوتا گیا، اس لیے ملک میں برکت نہیں آئی، ہم نے 190 ارب روپے غریب طبقے کو اوپر لانے کے لیے خرچ کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مشکل وقت ہے، ایک سال پہلے پناہ گاہ بنانا شروع کی تھی اور اب پنجاب اور کے پی میں 170 پناہ گاہیں بن چکی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ گورنمنٹ نے کل یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈی دی ہے اور اب تک ہم 60 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ دے چکے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم غریب بستیوں میں لنگر کھول رہے ہیں کہ لوگ کم از کم بھوکے نہ سوئیں، اب اگلا مرحلہ لوگوں کو روزگار دینے کا ہے اور ہم نے اگلے چار سال میں 50 لاکھ گھر بنانے ہیں۔