لندن (پی اے/خبر ایجنسیاں) برطانوی اور کینیڈین وزرائے اعظم نے الزام لگایا ہے کہ ایران میں تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے اس خیال کو مسترد کرتے ہوئے عالمی تحقیقات کی پیش کش کی اور کہا کہ یہ امریکی پروپیگنڈا ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن نے کہا کہ ایسے شواہد موجود ہیں جو نشاندہی کرتے ہیں کہ تہران کے قریب حادثے کا شکار یوکرین کے مسافر طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائل سے گرایا گیا، اس حادثے میں 4 برطانوی شہری بھی ہلاک ہو گئے تھے۔ جانسن نے مزید کہا کہ ممکن ہے یہ میزائل غلطی سے فائر ہو گیا ہو۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ایران پر الزام لگایا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ایران میں تباہ ہونے والے یوکرائنی طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نےکہا انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق یوکرین کا مسافر طیارہ حادثے کا شکار نہیں ہوا بلکہ اسے ایرانی میزائل سے گرایا گیا۔ طیارہ حادثے کی مکمل اور شفاف تحقیقات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ تہران نے برطانوی اور کینیڈین وزرا اعظم کے الزام کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ ایران نے کہا کہ ہمارے ایئر ڈیفنسز سے کوئی میزائل نہیں داغا گیا۔ یوکرائنی طیارہ کے حادثہ کی ایران نے عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے ذریعے امریکہ کو تحقیقات کی دعوت دے دی۔ ایران نے یوکرائن کے مسافر طیارے کو اپنےمیزائل لگنے کی تردید کی ہے۔ ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ علی عابد زادہ کا کہنا ہے اگر طیارے کو راکٹ یا میزائل لگتا تو وہ فوری طور پر تباہ ہو جاتا۔ جہاز اڑنے کے بعد فضا میں 5 منٹ تک رہا اور خرابی پر پائلٹ نے ایئر پورٹ پر واپسی کی بھی کوشش کی لیکن ناکام رہا۔ ایک طیارہ، جسے میزائل یا راکٹ نے نشانہ بنایا ہو، وہ کیسے ایئر پورٹ واپس آنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق ایران نے عالمی سول ایوی ایشن تنظیم کے ذریعے امریکہ کو تحقیقات کی دعوت دی۔ آئی سی اے او کے ذریعے امریکہ کے قومی ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ایران نے یوکرائنی طیارہ گرنے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی جاری کی ہے۔ ایرانی تفتیش کاروں کے مطابق گرنے سے قبل طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی جبکہ اڑنے کے بعد وہ واپس مڑا مگر اس دوران جہاز کے عملے نے مدد کے لئے کوئی ریڈیو کال نہیں کی۔ ادھر امریکی حکام بھی الزام لگا رہے ہیں کہ ایران میں تباہ ہونے والے یوکرائنی مسافر طیارے کو ایران نےغلطی سے نشانہ بنایا ہے۔