• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، ترال میں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کا ظلم و ستم جاری ہے جس نے آج مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا پھر مظاہرہ کیا ہے، مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں محاصرے کے دوران فائرنگ کر کے کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔

علاقے میں اب بھی قابض بھارتی فوج کے اہلکار گھروں کی تلاشی لے رہے ہیں۔

دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس، حریت رہنماؤں اور کشمیری تنظیموں نے غیر ملکی سفیروں کو مودی حکومت کی نگرانی میں مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرانے کی مذمت کر دی۔

یہ بھی پڑھیئے: بھارت، ’فری کشمیر‘ کا بینر اٹھانے پر خاتون کیخلاف مقدمہ

ان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دنیا کو کشمیر کی صورتِ حال سے گمراہ کرنے کے لیے یہ دورہ کرایا گیا، قابض حکومت کے ایسے اقدامات سے زمینی حقائق اور کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔

غیر ملکی سفیروں کے مقبوضہ کشمیر کے دورے پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے بھی مودی حکومت پر تنقید کی ہے۔

کانگریس رہنما کپل سبل نے کہا کہ بھارت سے باہر کے لوگوں کو مقبوضہ علاقے میں جانے کا حق ہے لیکن بھارتی سیاستدانوں کو مقبوضہ وادی نہیں جانے دیا جا رہا۔

دوسری جانب سری نگر میں طلبہ نے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیئے: مقبوضہ کشمیر، مزید 3 شہید، صحافیوں پر پولیس تشدد

بھارتی پولیس اور فوج نے سرینگر اور بڈگام سمیت متعدد علاقوں میں چھاپوں کے دوران 30 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

تازہ ترین