• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا میں لگی آگ سے آسٹریلین اوپن ٹینس بھی متاثر

آسٹریلیا میں لگی آگ سے آسٹریلین اوپن ٹینس بھی متاثر


آسٹریلیا میں لگی آگ سے آسٹریلین اوپن ٹینس بھی متاثر ہورہا ہے، میلبرن میں ایونٹ کے کوالیفائنگ میچز اور پریکٹس خراب ہوا کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی ہے۔

آسٹریلیا میں جنگلوں میں لگنے والی آگ سے ماحول کافی متاثر ہوا ہے، دھویں کے سخت بادل نے اب بھی میلبرن کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے آسٹریلین اوپن کے لیے کھلاڑیوں کا پریکٹس سیشن اور کوالیفائنگ میچز بھی تاخیر کے شکار ہوئے۔

ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ صورتحال میں بہتری آ رہی ہے اور وہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

آسٹریلیا میں ٹینس کے ساتھ ساتھ فٹبال، رگبی اور کرکٹ کے میچز بھی متاثر ہوئے ہیں۔

سال کا پہلا گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ 20 جنوری سے میلبرن میں شروع ہوگا۔ میلبرن بھی اس وقت بش فائر کے دھوئیں کی لپیٹ میں ہے۔

اے ٹی پی پلیئرز کونسل کے صدر نوواک جوکووچ نے ایک بیان میں مطالبہ کیا تھا کہ اگر صورت حال میں بہتری نہیں آتی تو منتظمین کو ایونٹ مؤخر کرنے کے بارے میں غور کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیے: آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ، ایک ارب جانور ہلاک

دوسری جانب ٹینس آسٹریلیا کے چیف کریگ ٹیلی نے ایونٹ کے انعقاد میں تاخیر کے امکان کو رد کر دیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تمام تر معلومات اکٹھی کی ہیں۔ آنے والے دنوں کے حوالے سے اچھی پیشگوئی ہے۔ میلبرن میں لوگوں کو خطرہ درپیش نہیں۔ اس لیے ایونٹ میں کسی تاخیر کی توقع نہیں کر رہے۔ پھر بھی حفاظتی اقدامات کر لیے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پورے ٹورنامنٹ کے دوران صورتحال کو مانیٹر کیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ کی خلا سے لی گئی مزید تصویریں جاری کی گئیں ہیں، آگ سے 2 کروڑ ایکڑ پر پھیلی جنگل کی اراضی جل کر راکھ ہوگئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ آگ 25 اعشاریہ 5 ملین ایکڑ رقبے پر لگی ہے جو جنوبی کوریا یا پرتگال جیسے ممالک کے رقبے کے مساوی ہے۔

تازہ ترین