• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کرنل (ر) انعام الرحیم جاسوس ہے، وفاقی حکومت، سپریم کورٹ نے رہائی معطل کردی

کرنل (ر) انعام الرحیم جاسوس ہے، وفاقی حکومت


اسلام آباد(ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے کرنل (ر) انعام الرحیم کی رہائی کا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی‘عدالت عظمیٰ نے ہائیکورٹ میں داخل کردہ ریکارڈ طلب بھی کر لیا ہے ۔دوران سماعت اٹارنی جنرل نے عدالت میں سر بمہر رپورٹ جمع کروائی۔اٹارنی جنرل نےانکشاف کیا کہ کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ بیرونی قوتوں کے جاسوس ہیں جو کہ پاکستان کے دشمن ہیں اور ملک کے خلا ف کام کر رہے ہیں‘ملزم کے پاس بعض حساس معلومات تھیںجو انہوں نے مبینہ طور پر افشاءکیں۔فاضل جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ کیس کس بناءپر قائم کیا گیا۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے لیپ ٹاپ کے اندر سے بہت سا مواد ملا ہے ۔فاضل جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ گرفتاری کی کوئی وجہ تو ہوگی قانون کے مطابق گرفتاری کی وجوہات بتانا لازم ہے ۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ چیمبر میں سماعت کر لیں میں سب بتانے کو تیار ہوں ۔جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ ہم جرم کی نوعیت دیکھنا چاہ رہے ہیں۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈوکیٹ کے پاس بعض حساس معلومات تھیںجو انہوں نے مبینہ طور پر افشاءکیں۔ ان کے خلاف ابھی تحقیقات چل رہی ہیں،ان کے پیچھے پورا ایک نیٹ ورک ہے جس میں متعدد لوگوں کی گرفتاریاں ہونی ہیں۔ جسٹس مشیر عالم نے استفسار کیا کہ تحقیقات کس مقام پر پہنچ چکی ہیں۔اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں،کچھ کہا نہیں جاسکتا،جب تحقیقات مکمل ہوں گی تو کرنل(ر) انعام الرحیم کے پاس تمام حقوق ہوں گے ۔کرنل (ر)انعام الرحیم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میری تیاری مکمل نہیں ہے کچھ وقت دیا جائے۔ عدالت نے کرنل (ر) انعام الرحیم کے وکیل کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کر تے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی۔

تازہ ترین