• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر کو کفن اور گولیاں بھیجنے والا بھتہ خورگروپ رینجرز کے ہاتھوں گرفتار


پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے ضلع غربی میں کارروائی کر کے بھتہ وصولی اور کالعدم تنظیم سے تعلق کے الزام میں دو ملزمان رشید عرف خان بابا عرف بلا اور اسماعیل عرف چپس والا کو گرفتار کرلیا ہے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دونوں ملزمان سوات انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ ملزم رشید عرف خان بابا عرف بلا گرفتاری کے ڈر سے سوات سے فرار ہوکر کراچی آگیا تھا اور کراچی میں مبینہ طور پر افغانستان سے مفرور کالعدم تنظیم کے بھتہ خور گروپ کے امیر سیف اللّٰہ اور سلمان عرف ابرار کے حکم پر بھتہ وصولی کی کارروائیاں کرتا تھا۔

جبکہ ملزم اسماعیل عرف چپس والا کراچی کا رہائشی، کالعدم تنظیم کا سرگرم کارندہ اور سہولت کار ہے۔ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں بھتہ وصولی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ اس مقصد کیلئے سہولت کاری میں بھی ملوث ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے 20 اپریل 2019 کو اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 فرید آباد میں 20 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر پرچون کی دوکان کے مالک آصف الرحمان پر فائرنگ کی جس کے بعد دُکان مالک نے ملزمان کو ایک لاکھ روپے بھتہ دیا۔ واردات کی ایف آئی آر مومن آباد تھانے میں درج ہے۔

ملزمان نے 12 جون 2019 کو فرید آباد اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 میں رینٹ اے کار کے مالک اعجاز آفریدی کو غیر ملکی فون نمبر سے ایک کروڑ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی اور بھتہ نہ دینے پر ان کے گھر پر کفن، دھمکی آمیز خط اور گولیاں بھجوائیں۔ جس کی ایف آئی آر تھانہ مومن آباد میں درج ہے۔

ملزمان نے 28 اگست 2019 کو شیر شاہ میں کباڑی کا کاروبار کرنے والے رومان نامی شخص کو غیرملکی فون نمبر سے ایک کروڑ روپے بھتے کی ڈیمانڈ کی اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں، جس کی ایف آئی آر تھانہ مومن آباد میں درج ہے۔

ملزمان کے قبضے سے کارروائیوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین