• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوٹ کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے، فردوس اعوان


بوٹ کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے، فردوس اعوان


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بوٹ کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے۔

ایک بیان میں فردوس اعوان نے کہا کہ پارٹی کے اندر ہو یا باہر کسی کو بھی یہ حق نہیں دینا چاہتے کہ وہ افواج پاکستان کو سیاست زدہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اکھاڑے میں اُس بوٹ کو نہیں لے کر آنا چاہیے جو بوٹ دفاعی حصار اور محاذ پر ہے، اسے سیاست زدہ نہیں کرنا چاہیے۔

گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی موجودگی میں بوٹ لے آئے تھے۔

انہوں نے اپنے سامنے بوٹ رکھ کر اپوزیشن جماعتوں کو ہدف تنقید بنایا، جس پر دونوں جماعتوں کے رہنما پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

فیصل واوڈا نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے‘۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شرم، حیا ہے؟ قوم نے ان ( اپوزیشن کی بڑی جماعتوں) کی اصلیت دیکھ لی۔

گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت بطور ادارہ فوج کا مذاق بنانا چاہتی ہے، حکومتی جوکروں کی حرکتوں کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔

تازہ ترین