• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیشنل ٹرائنگولر ٹی 20 کا فائنل کل بلاسٹرز اور چیلنجرز کے درمیان ہوگا

نیشنل ٹرائنگولر ٹی 20 کا فائنل کل بلاسٹرز اور چیلنجرز کے درمیان ہوگا


نیشنل ٹرائنگولر ٹی 20 ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کافائنل پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی چیلنجرزکے درمیان جمعرات کو نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹرافی کی تقریب رونمائی ہوئی، جس کے بعد دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے پریس کانفرنس کی۔

اس موقع پر پی سی بی بلاسٹرز کی کپتان رامین شمیم نے فائنل تک رسائی کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ٹورنامنٹ کے دوران کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ پرفارم کیا ہے، خاص طور پر وکٹ کیپنگ بہت اچھی رہی، فائنل کے لیے بھی پراُمید ہیں کہ ٹیم اچھا پرفارم کرے گی۔

پی سی بی چیلنجرز کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں ہماری ٹیم کھیلی ہے، بیٹنگ اور بولنگ کے اعتبار سے کافی متوازن نظر آئی ہے، انشاء اللّٰہ فائنل میں بھی اچھا کھیل کر جیتنے کی کوشش کریں گے۔

آسٹریلیا میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے آئی سی سی ویمن ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کا انعقاد 9 جنوری سے کیا تھا، جس میں پی سی بی بلاسٹرز، پی سی بی ڈائنامائٹس اور پی سی بی چیلنجرز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

اس دوران چھ گروپ میچز کھیلے گئے ،تینوں ٹیموں نے دو دو میچز میں فتح سمیٹی، جس کے بعد پی سی بی بلاسٹرز اور پی سی بی چیلنجرز کی ٹیموں نے فیصلہ کُن معرکے میں رسائی حاصل کی۔

فائنل مقابلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں فلڈ لائٹس میں شام سات بجے شروع ہوگا، ایونٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی سمیت پانچ لاکھ جبکہ رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

تازہ ترین