• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کو بوٹ والی بات پسند نہیں آئی، فیصل واوڈا

وزیراعظم کو بوٹ والی بات پسند نہیں آئی، فیصل واوڈا


وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو میری بوٹ والی بات پسند نہیں آئی۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں میزبان حامد میر سے گفتگو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بوٹ لے جانے کی ذمہ داری ان کی اپنی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پیمرا قوانین کا علم نہیں، وزیراعظم کو بھی ان کی بوٹ والی بات پسند نہیں آئی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا تھا کہ آپ جو کہہ رہے ہیں، وہ درست کہہ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا، ذمے داری کا مظاہرہ کریں گے۔

میزبان حامد میر کے بار بار کہنے کے باوجود فیصل واوڈا نے اپنے عمل پر معافی نہیں مانگی۔

دوسری طرف وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بوٹ کو سیاست زدہ نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے اندر ہو یا باہر کسی کو بھی یہ حق نہیں دینا چاہتے کہ وہ افواج پاکستان کو سیاست زدہ کرے۔

گزشتہ رات فیصل واوڈا نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی موجودگی میں بوٹ لے آئے تھے۔

انہوں نے اپنے سامنے بوٹ رکھ کر اپوزیشن جماعتوں کو ہدف تنقید بنایا، جس پر دونوں جماعتوں کے رہنما پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

فیصل واوڈا نے اس موقع پر کہا تھا کہ ’ن لیگ نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے‘۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ کوئی شرم، حیا ہے؟ قوم نے ان (اپوزیشن کی بڑی جماعتوں) کی اصلیت دیکھ لی۔

واقعے کے بعد گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت بطور ادارہ فوج کا مذاق بنانا چاہتی ہے، حکومتی جوکروں کی حرکتوں کو پوری قوم دیکھ رہی ہے۔

تازہ ترین