• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے ای پورٹل بنانے کا فیصلہ

باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے ای پورٹل بنانے کا فیصلہ
وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

بین الصوبائی رابطے کی وزارت نے ملک میں نظر انداز ہونے والے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی سطح پر سامنے لانے کے لیے وفاق سمیت چاروں صوبوں میں ای پورٹل بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کی ہدایت وزیر اعظم عمران خان نے دی ہے، بین الصوبائی رابطے کی وزارت کا موقف ہے کہ فیڈریشنوں اور ایسوسی ایشنوں میں میرٹ کو نظر انداز کرکے اقربا پرورری پر ٹیموں کے انتخابات کی شکایت میں اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ فیڈریشن کی جانب سے دور دراز علاقوں میں نئے ٹیلنٹ کو تلاش کا کام بھی دم توڑ چکا ہے اور کھلاڑیوں کے انتخاب میں صرف چند شہروں کو ہی اہمیت دی جاتی ہے، اس لیے ای پورٹل قائم کیا جارہا ہے جس میں خاص طور پر دور دراز کے علاقوں کے کھلاڑی اپنی اعلیٰ کارکردگی کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکیں گے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ اس عمل سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے لانے اور ان کی گرومنگ میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کھیلوں میں گہری دلچسپی لیتے ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعہ ہم کھلاڑیوں سے براہ راست رابطہ کریں گے اور ان کی حمایت کریں گے اور انہیں دائرے میں لائیں گے۔

فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہر اسکول میں کھیل کے میدان ہونا چاہئیں، ہمارے طالب علمی کے دور میں ہمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے اضافی نمبر دیئے جاتے تھے، اس پرانے کلچر کو دوبارہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی فیڈریشن اور ایسوسی ایشنوں نے کھیلوں میں سیاست کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے کھیل کو نقصان اور کھلاڑیوں کو پریشانی کا سامنا ہے، صحت مند معاشرے کے لئے کھیل بہت ضروری ہیں اور حکومت کی بھی پالیسی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کھیل میں لانے کے ساتھ ساتھ بہتر سہولت بھی فراہم کی جائے۔

تازہ ترین