• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹی20 ٹیم میں سرفراز، شعیب، حارث رؤف کی شمولیت کا امکان

ٹی20 ٹیم میں سرفراز، شعیب، حارث رؤف کی شمولیت کا امکان 


کراچی (اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی 20 انٹر نیشنل کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان جمعرات کو لاہور میں کیا جائے گا۔ امکان ہے کہ سابق کپتان شعیب ملک، سرفراز احمد اور نوجوان فاسٹ بولر حارث رؤف کو ٹیم میں جگہ ملے گی ۔ سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کی کارکردگی پر اوپنر فخر زمان ، حارث سہیل اور وہاب ریاض کے علاوہ آصف علی، محمد عرفان کی جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ ہو گئے ہیں ۔ فاسٹ بولنگ اٹیک میں شاہین، حارث رؤف ، محمد حسنین، موسیٰ خان ، نسیم شاہ اور تجربہ کار محمد عامر کی شمولیت ہوسکتی ہے ۔ فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد عماد وسیم کی سلیکشنمشکل دکھائی دے رہی ہے ان کی جگہ محمد نواز یا ظفر گوہر کو مل سکتی ہے۔ بدھ کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق اور کپتان ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابراعظم جمعرات کو دوپہر ڈھائی بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کریں گے۔ناموں پر مشاورت کیلئے چیف سلیکٹر مصباح الحق ، بابراعظم اور کوآرڈینیٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کے درمیان ملاقات بدھ کو لاہور میں ہوئی۔ ٹیم کے اعلان سے قبل تینوں چھ سلیکٹرز کے ساتھ ویڈیو لنک پرمیٹنگ کریں گے۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز میں شامل تین ٹی20 میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کی ٹی 20 میں خراب کارکردگی کے بعدسرفراز احمد امیدوار بن کر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے حالیہ فٹنس ٹیسٹ میں بھی کوچز کو بہت متاثر کیا ہے۔ مڈل آرڈر میں حارث سہیل کی مسلسل ناکامی کے بعد تجربہ کار شعیب ملک کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ حارث رؤف نے بی بی ایل میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، بولنگ کوچ وقار یونس حارث رؤف کے ساتھ جلد کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔محمدعامر اور وہاب ریاض میں سے ایک سنیئر بولر کو موقع ملے گا۔ عامر اور شعیب ملک نے حال ہی میں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

تازہ ترین