• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انواع و اقسام کی غذا استعمال کریں، طبی تحقیق

لندن ( جنگ نیوز)طبی ماہرین کے مطابق انسانی معدے میں اربوں کھربوں مائیکروبز موجود ہوتے ہیں جو جسم کے لیے مفید اور بہت اہمیت رکھتے ہیں۔یہ معدے کے نظام کیلئے ضروری اور بعض مقوی غذاؤں کو ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔انسان کے جسم میں موجود مختلف جراثیم الگ الگ کام انجام دیتے ہیں اور انھیں طبی سائنس نے مختلف گروہوں اور خانوں میں ان کی افادیت اور کارکردگی کی بنیاد پر تقسیم کیا ہے۔ میڈیکل ریسرچرز کا کہنا ہے کہ انواع و اقسام کی غذائیں استعمال کرنا انسانوں کی اچھی صحت کیلئے ضروری ہےکیوںکہ ان مائیکروبز کا ہر گروہ مختلف قسم کے کھانوں پر زیادہ پھلتا پھولتا ہے اور اس کا ہماری جسمانی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ محققین کے مطابق ہمارے جسم سے فاسد مادوں کے اخراج کے ساتھ بہت سے ایسے بیکٹیریا بھی نکل جاتے ہیں جو درحقیقت انسانی جسم کیلئے مفید ہوتے ہیں۔ اسے بہتر بنانے اور صحت و توانائی برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم مختلف اقسام کی غذا کھائیں۔ یہ طریقہ ہمارے معدے میں پلنے والے بیکٹریا کو بھی پھلنے پھولنے میں مدد دے گا اور اس انسانی صحت پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔ امریکی یونیورسٹی میں ہونے والی ایک طبی تحقیق کے مطابق کوئی فرد جب اپنی نیند کے اوقات تبدیل کرتا ہے تو اس سے بھی معدے کا وہ نظام متأثر ہوتا ہے جو جراثیم سے متعلق ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم میں موجود مائیکروبز یا مفید جراثیم کو پھلنے پھولنے کا موقع فراہم کرنے کیلئے غذائی چارٹ یا کسی ماہرِ غذائیت سے مدد لی جائے تو بہتر ہے۔
تازہ ترین