• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلبہار ٗنجی ہسپتال میں ڈکیتی کرنے والے ملزمان گرفتار

پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ گلبہار پولیس نے نجی ہسپتال میں ڈکیتی کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔گزشتہ دنوں مراد خان ولد ریاض خان سکنہ فقیر آباد سردار احمد جان کالونی حال ملازم الخدمت ہسپتال نے تھانہ گلبہار پولیس کو رپورٹ کی تھی کہ وہ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ الخدمت ہسپتال فارمیسی میں موجود تھے کہ اس دوران چار نامعلوم ملزمان نے فارمیسی سے اسلحہ کی نوک پر چار لاکھ سے زائد روپے چھین کر فرار ہو گئے جس کی رپورٹ پر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی۔ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی محمد شعیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے کر ملوث ملزما ن کا جلد از جلد سراغ لگا کر گرفتار کرنے کا ٹاسک حوالہ کیا، تفتیشی ٹیم نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش جاری رکھتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ اور مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے ان کے بیانات قلمبند کئے جبکہ اسی طرح حالیہ دنوں میں جیل سے رہا ہونے والے مختلف جرائم میں ملوث افراد کی بھی کڑی نگرانی شروع کی جس کے دوران واردات میں ملوث اصل گروہ کا سراغ لگا کر گزشتہ روز ڈی ایس پی گلبہار لقمان خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ گلبہار گل ولی نے ملزمان عابد ولد رحمان شاہ سکنہ متنی اور ابراہیم ولد عبد الرحمان سکنہ خزانہ کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران الخدمت ہسپتال سمیت متعدد دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے جن کے قبضہ سے لوٹی گئی رقم 75ہزار روپے بھی برآمد کر لئے گئے ہیں، ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دئیے ہیں جن کی گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی لقمان خان کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران ان سے مزید اہم اور سنسنی خیز انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین