• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش کیخلاف T20 سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان



بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، اسکواڈ میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی ہوئی ہے۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ہمراہ سلیکٹر ندیم خان اور کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔

بنگلہ دیش کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد ، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک، عثمان قادر شامل ہیں۔ 

اس موقع پر کپتان اور چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ اسکواڈ میں سینئرز اور جونیئرز کا کمبینیشن بنایا گیا ہے۔

سابق کپتان سرفراز احمد کا کیرئیر ختم ہونے سے متعلق سوال پر مصباح الحق نے کہا کہ ایسا ہرگز نہیں ہے،  وہ پی ایس ایل میں پرفارم کرکے ٹیم میں جگہ بنا سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی20 میچز کی سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔

میچز دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوں گے اور شام 6 بجے تک ختم ہوجائیں گے ، کیونکہ لاہور ان دنوں سرد موسم کی لپیٹ میں ہے اس لئے کوشش کی گئی ہے کہ شام کو سردی بڑھنے سے قبل میچ ختم ہوجائے تاکہ اوس گرنے کے امکانات بھی نہ ہوں۔

پاک بنگلہ سیریز کا پہلا میچ جمعہ 24 جنوری، دوسرا ہفتہ 25 جنوری اور تیسرا و آخری میچ پیر 27 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مہمان ٹیم کو چوں کہ لاہور میں اسٹیٹ سیکیورٹی دی جائے گی، لہذا میچ کے لئے ٹیمیں ساڑھے 12 بجے ہوٹل سے روانہ ہوں گے اور میچ ختم ہونے کے بعد رات 8 بجے ہوٹل واپس جائیں گی۔

تازہ ترین