آٹھ مقام(نمائندہ جنگ) بالائی نیلم میں طوفانی برفباری سے نہ صرف امدادی سر گرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ شدید موسم اور رضا کاروں کی افرادی قوت میں کمی سے شہدا ءکی تجہیز وتکفین اور ریلیف کے کاموں میں بھی دشواری ہو رہی ہے ، ادھر وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے سپیکر کیساتھ علاقے کا فضائی معائنہ کیا ہے ، انہوں نے ہدایت کی کہ معاوضوں کی ادائیگی دو دن میں یقینی بنائی جائے، سستی برداشت نہیں کریں گے۔تفصیلا ت کیمطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر، سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے برفانی گلیشئرزسے متاثرہ علاقوں کا بذریعہ ہیلی کاپٹر دورہ کیا اور علاقے میں جاری امدادی کاروائیوں کا جائزہ لیا ہے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کاروائیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی، وزیر اعظم فاروق حیدر اور سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی مکمل بحالی کا یقین دلایا ہے،وزیر اعظم نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت کی ہے کے تباہ شدہ انفراسٹکچر کی بحالی کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں، حکومت شہداءکے ورثاءاور زخمیوں کو دو روز کے اندر معاوضہ جات کی ادائیگی کر دے گی۔ بے گھر افراد کے لئے متبادل اراضی کا بندوبست کیا جائے گا ۔ متاثرہ علاقوں تک رسائی کے لئے سڑکوں کی بحالی کے لئے محکمہ شاہرات کو احکامات دئیے گئے ہیں۔