• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم احساس پروگرام ،پمزمیں بھی لنگر خانے کا افتتاح

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم کے احساس پروگرام کے تحت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں دوسرے لنگر خانے کا افتتاح کر دیا گیا ۔ یہ لنگر خانہ دن میں دو مرتبہ مریضوں اور ان کے ساتھیوں سمیت 1000افراد کو کھانا فراہم کرے گا جبکہ آئندہ دو ماہ میں احساس سیلانی لنگر پشاور، سوات، ملتان،لاہور اور عمر کوٹ میں کھولے جائیں گے۔ مجموعی طور پر سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ(ایس ڈبلیو آئی ٹی) کے ساتھ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت ملک بھر میں دو سال کے عرصہ میں 112 لنگرخانے قائم کئے جائیں گے۔ پہلے لنگر خانے کا افتتاح وزیر اعظم نے 7اکتوبر 2019کو اسلام آباد میں پشاور موڑ کے مقام پر کیا تھا۔ جمعہ کو وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز لنگر خانے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر چیئرمین ایس ڈبلیو آئی ٹی کے مشیر محمد افضل چدمیا، چیف آپریٹنگ آفیسر محمد غزل اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر انصر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ لنگر خانے وزیر اعظم کے مزدور کا احساس اقدام کا حصہ ہیں جن کا بنیادی مقصد معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات بالخصوص دیہاڑی دار مزدورں کو کھانا فراہم کرناہے۔
تازہ ترین