• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال میں گیس لیکیج سے دھماکا، خاتون جاں بحق


کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 5 کے ایک  گھر میں گیس لیکیج کے دھماکے سے 60 سالہ خاتون خانہ جاں بحق ہوگئیں جبکہ شوہر اور بیٹی محفوظ رہے۔

گلشن اقبال تھانہ کے ایس ایچ او غلام نبی آفریدی کے مطابق گلشن اقبال بلاک 5 میں ربّ میڈیکل سینٹر کے قریب گھر میں آج صبح مبینہ طور پر سوئی گیس کھلی رہنے کی وجہ سے آگ لگی۔

پولیس کے مطابق گھر عمر شریف نامی شخص کا ہے جہاں مبینہ طور پر رات کو گھر کی پہلی منزل پر اوپن کچن میں سوئی گیس کا چولہا کھلا رہ گیا تھا۔

خاتون خانہ نے صبح چائے بنانے کے لئے جونہی چولہا جلانے کے لیے ماچس جلائی تو کچن میں گیس بھری ہونے کی وجہ سے دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی جس نے پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔

اس دوران گھر میں موجود 65 سالہ خاتون مکمل جل گئیں اور موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جبکہ ان کے شوہر اور بیٹی گھر سے نکل کر جان بچانے میں کامیاب رہے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر آگ کو پھیلنے سے روکا اور اس پر قابو پالیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ حتمی تحقیقات کے لیے فائر بریگیڈ کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

تازہ ترین