حب ریلی کا ساتواں ایڈیشن اتوار کو ہوگا، ڈرائیورز نے ایونٹ کی تیاریوں کے لیے کمر کس لی ہے۔ دفاعی چیمپئن سلمیٰ خان کی ریکی کے دوران گاڑی الٹ گئی، معمولی زخمی ہونے کے باعث ان کی ریس میں شرکت بھی مشکوک ہوگئی ہے۔
ریلی کے لیے ٹریک بھی تیار ہے اور گاڑیاں بھی، ڈرائیورز ٹریک کی ریکی کرنے لیے حب پہنچ گئے۔
حب ریلی کا ٹریک 20 کلومیٹر پر مشتمل ہے جبکہ ٹریک کو پریکٹس کے لیے کھول دیا گیا ہے، جو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہا۔
منتظمین نے پریکٹس کے دوران بھی ہیلمٹ، رول کیج اور آگ بجھانے کے آلات کو لازمی قرار دیا تھا، جبکہ ہر گاڑی کو مکمل ٹریک کے 3 چکر لگانے کی اجازت دی گئی تھی۔
حب ریلی کا ساتواں ایڈیشن اتوار کو ہوگا، ریس میں 50 کے قریب ڈرائیورز حصہ لے رہےہیں جبکہ اسٹاک، پری پیڈ اور ویمن کٹیگری کی ریسز ہوں گی۔
ریس کا آغاز ویمنز کٹیگری سے ہوگا، یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں کسی ریس کا آغاز ویمنز کیٹگری سے ہوگا۔
پری پیڈ کٹیگری میں آصف امام اعزاز کا دفاع کریں گے جبکہ سلمیٰ خان ویمن کٹیگری کی دفاعی چیمپئن کی حیثیت سے ٹریک پراُتریں گی تاہم ریکی کے دوران گاڑی الٹنے سے زخمی ہونے کے باعث اُن کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔