• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت پر فواد چوہدری کی تنقید بلاجواز ہے: راجہ بشارت

پنجاب کے وزیرِ قانون راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت پر وفاقی وزیر فواد چوہدری کی تنقید بلاجواز ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے پنجاب حکومت پر تنقید کرنے پر وزیرِ قانون پنجاب راجہ بشارت کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چار چار کیمپ آفس بنانے کی روایت توڑی، سادگی اور کفایت شعاری سے وزیراعلیٰ ہاؤس کا خرچہ کم کیا۔

راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں لاتعداد ترقیاتی منصوبے، پسماندہ اضلاع میں 6 نئے اسپتال، ہر ضلع میں یونیورسٹی اور ریکارڈ قانون سازی بزدار حکومت کے کارنامے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں، فواد چوہدری

وزیرِ قانون پنجاب نے مزید کہا کہ صوبے میں لاکھوں نادار افراد کو سخت سردی میں معیاری خوراک، رہائش اور علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بزدار حکومت کے تمام وزراء قابل اور محنتی ہیں، مالیاتی اسکینڈلز سے پاک اپنے عوام کی خدمت میں خلوصِ دل سے مصروف ہیں۔

2 روز قبل وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوی فواد چوہدری کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کو بالخصوص تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اس کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ پنجاب حکومت کا نہیں وسائل کی تقسیم کا ہے، وزرائے اعلیٰ خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں یہ عوامی مفاد کے خلاف ہے۔

تازہ ترین