• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ کسی بات پر ایم کیو ایم پاکستان اپنی رائے مختلف رکھ سکتی ہے، تاہم حکومت کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے وفاقی کابینہ سے علیحدگی کے فیصلے پر فواد چوہدری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے ردِ عمل کا اظہار کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مختلف معاملات پر اپنا نقطۂ نظر رکھ سکتی ہے، کل اسد عمر، عمران اسماعیل اور جہانگیر ترین ایم کیو ایم سے ملاقات کریں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ابھی سیاسی متبادل کوئی نہیں ہے، ابھی تو ہمیں یہ ہی نہیں پتہ کہ اپوزیشن میں بات کس سے کرنی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: خالد مقبول نے حکومت کو استعفیٰ نہیں بھیجا، فردوس

انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے شہباز شریف کی سیٹ پر نظر رکھنی شروع کر دی ہے، دیکھتے ہیں مسلم لیگ نون اپنے اندرونی اختلافات سے کیسے نمٹتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ بلاول کی ایم کیو ایم کو پیش کش غیر سنجیدہ تھی، پاکستان کے پاس عمران خان کے متبادل کوئی سیاسی قیادت نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعتزاز احسن جتنا نواز شریف کو جانتے ہیں اتنا بہت کم لوگ جانتے ہیں، سیاسی اتحادیوں کے درمیان اختلافات ہو سکتے ہیں، ایم کیو ایم کو اپنی الگ رائے رکھنے کا حق حاصل ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے آج کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی کابینہ سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم نے جس تعاون کا حکومت سے وعدہ کیا تھا وہ کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: حمداللّٰہ کا حریم شاہ پر طنز کے ذریعے فواد چوہدری کو جواب

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی سے حکومت بنانے میں مدد کرنے کا اپنا وعدہ پورا کیا، لیکن ہمارے ایک نقطے پر بھی اب تک پیش رفت نہیں ہوئی۔

تازہ ترین