• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’کے فور‘ پرانے ڈیزائن پر ہی بنے گا


کراچی کو فراہمی آب کے لیے بنایا گیا 650 ملین گیلن پانی کا منصوبہ ’کے فور‘ پرانے ڈیزائن پر ہی بنے گا۔

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کی ٹیکنیکل کمیٹی کے اجلاس میں ’کے فور‘ کے پرانے ڈیزائن پر اتفاق کیا گیا۔

کے فور پر بنائی گئی کمیٹی کے دو اجلاس سیکریٹری بلدیات کی سربراہی میں ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تجویز کیا کہ کے فور منصوبے کو پرانے ڈیزائن پر ہی بنایا جائے تو650 ملین گیلن پانی مل سکتا ہے۔

ایک سال پہلے فراہمی آب کے اس منصوبے میں ڈیزائن کی خرابی کا جواز بناکر کام روک دیا گیا تھا۔

سندھ حکومت کی ٹیکنیکل کمیٹی نے 75 کلو میٹر تک بننے والی کینال پر دوبارہ کام شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔

کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ کے فور پر کام جہاں روکا گیا تھا وہاں سے دوبارہ شروع کیا جائے، اس منصوبے کا پہلا فیز 2سال میں مکمل ہوسکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل کمیٹی نے اپنی سفارشات میں منصوبے میں بہتری کے اقدامات سے نہیں روکا اور کہا کہ منصوبے کے ڈیزائن میں جہاں بہتری ممکن ہو لائی جائے۔

کمیٹی نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ کے فور کے پہلے فیز کی 2 سال میں تکمیل سے 260 ملین گیلن پانی کراچی کو ملے گا۔

ٹیکنیکل کمیٹی منصوبے پر تھرڈ پارٹی کی رپورٹ کے جائزے کے لیے قائم کی گئی تھی، جس نے کے فور منصوبے پر اعتراضات اٹھائے تھے۔

تازہ ترین