غذر (نمائندہ جنگ) ڈائریکٹر جنرل ڈیزاسٹر مینجمنٹ گلگت بلتستان فرید احمد نے کہا ہے کہ 21جنوری سے دو دن تک گلگت بلتستان میں ہلکی برفباری اور بارش کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برفباری سے گلگت بلتستان کے بالائی اضلاع کے بند زمینی رابطے بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ اب تک ضلع ہنزہ اور نگر کی تمام سڑکوں اور استور مین روڈ کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ گوری کوٹ تک سڑک کو کل تک بحال کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع غذر کے بالائی علاقے ایمت، درکوت اور پھنڈر تک روڈ بحال کر دی گئی جبکہ دیگر دیہات کی سڑکیں بحال کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ اسی طرح بلتستان ڈویژن کے ضلع گانچھے کی تمام سڑکیں بحال کر دی گئی ہیں۔ ضلع کھرمنگ مین روڈ بحال ہو گئی ہے اور بالائی علاقوں کا زمینی رابطے بحال کرنے کا کام جاری ہے۔ اسی طرح ضلعی ہیڈکوارٹر شگر تک سڑک بحال کر دی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بحال کرنے کیلئے کام جاری ہیں۔ڈسٹرکٹ دیامر کے اکثر بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ بحال ہے۔ فرید احمد نے بتایا کہ اگلے دو سے تین دنوں میں باقی بالائی علاقوں کے بھی رابطے بحال ہو جائینگے جس سے سڑکوں کی بندش کے حوالے سے درپیش مسائل حل ہونگے۔