پاکستان اور بنگلادیش کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لوگو کی لاہور میں رونمائی کردی گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد کا کہنا ہے کہ وقت کی کمی کے سبب اسپانسرز زیادہ نہیں ملے لیکن یہ مارکیٹنگ کے شعبے کی ناکامی نہیں ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان بنگلا دیش ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لوگو کی رونمائی ہوئی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش سیریز میں اسپانسرز کم ہونے کی وجہ سیریز کا تاخیر سے فیصلہ ہونا ہے، جتنا وقت بنگلہ دیش بورڈ نے دیا اس میں یہ ایک بہترین شیڈول ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پروڈکشن رائٹس کے حوالے سے پی ایس ایل کے فورم پر بات ہو گی۔
بابر حامد کا کہنا تھا کہ پاک، بنگلہ دیش سیریز کےٹکٹس کی فروخت میں موسم اور اوقات کار سب سے بڑی وجہ ہیں۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 24، 25 اور 27 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
سیریز کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کی ٹریننگ قذافی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔